سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری ایک ویڈیو بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیر کی سرحد پر کھڑا ہمارا سپاہی جان خطرے میں ڈال کر پاکستان کی حفاظت کرتا ہے۔ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ پاکستان کی فوج ہماری ریڈ لائن ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمارے سپاہی کسی سیاسی بحث کا نشانہ نہیں بننے چاہییں، وہ قوم کا فخر ہیں۔ ہمارے شہید فوجیوں اور پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہر قربانی کا احترام اور شہداء کے لواحقین کو انصاف ملے گا۔ جو اپنا آج ہمارے کل کے لیے قربان کر رہے ہیں، ان کی عزت ہماری ذمہ داری ہے۔

اس سے قبل بلاول بھٹو نے ایک ویڈیو بیان میں مطالبہ کیا تھا کہ الیکشن کمیشن 2 اگست سے پہلے دھاندلی سے متعلق تمام شکایات کی کھلی عدالت میں سماعت کرے، جبکہ الیکشن کمیشن پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج اور انتخابی ریکارڈ عوام کے سامنے رکھے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری کسی ایک سیاسی جماعت کو جتوانا نہیں، بلکہ کشمیر کے عوام کے ووٹ کا تحفظ کرنا ہے۔ ہمیں کسی کا احسان نہیں، بلکہ ہمیں اپنا حق چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ساکھ کا فیصلہ پہلے مرحلے میں انصاف کی فراہمی سے ہوگا۔ ہمیں صرف صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات چاہییں۔