بائنانس کے مطابق ’وورسٹ_کوئری‘ (worse_query) نامی یہ خامی iOS کے بعض ورژنز، جن میں 26.7.1، 27.0.1 اور 27.2 شامل ہیں، کو متاثر کر سکتی ہے۔ ایکسچینج نے واضح کیا ہے کہ یہ مسئلہ صرف بائنانس کی ایپ تک محدود نہیں بلکہ ایپل کے آپریٹنگ سسٹم سے متعلق ہے۔

سائبر سکیورٹی ویب سائٹ ’بلیپنگ کمپیوٹر‘ کے مطابق یہ خامی آئی فون کے سکیورٹی نظام میں موجود ان پابندیوں کو بائی پاس کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جو ایک ایپ کو دوسری ایپ کی نجی فائلوں تک رسائی سے روکتی ہیں۔ اس تکنیک کو ’سینڈ باکس ایسکیپ‘ کہا جاتا ہے۔

اس خامی کے حوالے سے فورس کوئٹ او ایس (forcequitOS) نامی محقق نے گٹ ہب پر ایک پروف آف کانسیپٹ ٹول بھی جاری کیا ہے، جسے ’وورسٹ_کوئری‘ کا نام دیا گیا ہے۔

اس ٹول کے ذریعے دیگر ایپس کی فائلیں دیکھنے، نقل کرنے، تبدیل کرنے اور حذف کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ اس کے لیے آئی فون کو جیل بریک کرنا بھی ضروری نہیں۔

تاہم اس طریقے سے حملہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ صارف کے آئی فون میں نقصان دہ ایپ پہلے سے انسٹال ہو۔ ایسی ایپ غیر معتبر ذرائع یا ایپ اسٹور سے باہر دستیاب سافٹ ویئر کے ذریعے ڈیوائس تک پہنچ سکتی ہے۔

کیا ایپل نے سکیورٹی خامی دور کر دی؟

ایپل نے 9 نومبر کو iOS 27.2.1 اور دیگر سکیورٹی اپ ڈیٹس جاری کیں، جن میں متعدد خامیوں کو دور کرنے کا اعلان کیا گیا۔ ان میں CVE-2026-113963 نامی ایک مسئلہ بھی شامل ہے، جس کے ذریعے کوئی ایپ صارف کی حساس معلومات تک رسائی حاصل کر سکتی تھی۔

تاہم ایپل کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی تفصیلات میں ’وورسٹ_کوئری‘ کا نام شامل نہیں اور تاحال یہ واضح نہیں کہ تازہ ترین اپ ڈیٹس نے اس مخصوص خامی کو بھی دور کیا ہے یا نہیں۔ ’بلیپنگ کمپیوٹر‘ نے اس حوالے سے ایپل سے وضاحت طلب کی ہے۔

آئی فون صارفین کو کیا کرنا چاہیے؟

بائنانس نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے آئی فون اور انسٹال شدہ ایپس کو تازہ ترین دستیاب ورژن پر اپ ڈیٹ کریں، غیر ضروری اور غیر معتبر ایپلی کیشنز حذف کریں اور ایپ اسٹور کے علاوہ نامعلوم ذرائع سے سافٹ ویئر انسٹال کرنے سے گریز کریں۔

ایکسچینج کے مطابق اگر کسی صارف کو شبہ ہو کہ اس کا کرپٹو والٹ متاثر ہوا ہے تو اسے کسی محفوظ ڈیوائس پر نیا والٹ بنا کر اپنے اثاثے وہاں منتقل کرنے چاہییں، جبکہ فعال لاگ اِن سیشنز بھی ختم کر دینے چاہییں۔

مزید پڑھیں: جینسن ہوانگ کے مبینہ چینی جاسوس خاتون سے تعلقات، چین کو 7.5 ارب ڈالر کی اینویڈیا چپس کی ترسیل کا انکشاف

بائنانس نے تاحال اس خامی کے ذریعے کرپٹو کرنسی چوری ہونے کے کسی مصدقہ واقعے کی نشاندہی نہیں کی۔ دوسری جانب ایپل نے بھی اس مخصوص خامی کو دور کیے جانے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔