گورنر ہاؤس پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دوسروں کو انصاف کی بات کرتے ہیں، لیکن خود ایسی جگہ بیٹھے ہیں جس پر قبضے کا معاملہ موجود ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ مولانا خود تو حلوہ کھاتے ہیں، مگر دوسروں کو ایسا کرنے سے روکتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں، لیکن سیاسی دوستی کا یہ مطلب نہیں کہ کسی کو کرپشن کے الزامات پر جواب دہی سے استثنیٰ حاصل ہو جائے، آصف زرداری سے دوستی کی بنیاد پر مولانا یا ان کے خاندان کے کسی فرد کو احتساب سے بچانے کا تصور درست نہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے این ایچ اے میں مولانا فضل الرحمان کے بیٹے پر عائد کرپشن کے الزامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں اور ذمہ داروں کا احتساب کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دورِ حکومت میں سب سے زیادہ سیاسی فائدہ جمعیت علمائے اسلام کو پہنچا اور جماعت کو اس کی پسند کے مطابق اہم وزارتیں دی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت کے دوران جے یو آئی کو وزارت مذہبی امور، ہاؤسنگ اور مواصلات سمیت اہم وزارتیں ملیں۔ ان کے خیال میں اس دور میں شاید ہی کوئی بڑی وزارت ایسی باقی رہی ہو جو جمعیت علمائے اسلام کو نہ دی گئی ہو۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ اگر کسی کے خلاف کرپشن کے الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو اسے قانون کے مطابق سزا کا سامنا کرنا ہوگا، سیاسی تعلقات یا جماعتی وابستگی کسی بھی شخص کو قانون اور احتساب کے عمل سے بالاتر نہیں کر سکتی۔

گورنر خیبر پختونخوا کے ان بیانات سے مولانا فضل الرحمان اور جمعیت علمائے اسلام کی قیادت کے حوالے سے سیاسی اختلافات ایک بار پھر نمایاں ہوگئے ہیں۔ تاہم فیصل کریم کنڈی کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات پر مولانا فضل الرحمان یا جے یو آئی کا مؤقف سامنے آنے پر معاملے کی دوسری جانب بھی واضح ہوسکے گی۔