منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے احتجاج، مارچ اور دھرنے دیے، جس کے نتیجے میں لوگوں کے مسائل حکومتی سطح پر زیرِ بحث آئے۔ انہوں نے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے آغاز پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کافی نہیں، حکومت کو مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا اثر صرف ایندھن تک محدود نہیں رہتا بلکہ ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی تقریباً ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے۔ حکومت نے محدود ریلیف دینے کی بات کی ہے، تاہم جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ 800 سی سی گاڑیوں کے بجائے 1300 سی سی تک کی گاڑیوں کو ریلیف دیا جائے، جبکہ ٹریکٹرز اور پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی ریلیف پیکیج میں شامل کیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کے معاملے پر سخت مؤقف اختیار کرلیتی ہے، حالانکہ جماعت اسلامی نے اسے ختم کرنے اور عوام کو ریلیف دینے کا قابلِ عمل طریقہ پیش کیا ہے۔ ان کے مطابق 1800 سی سی سے بڑی گاڑیوں کی درآمد پر زیادہ ٹیکس عائد کیا جائے اور بڑی گاڑیاں استعمال کرنے والے بااثر طبقے پر اضافی بوجھ ڈالا جائے تاکہ غریب عوام کو پیٹرولیم لیوی سے نجات مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں سمیت مختلف اداروں میں بڑی گاڑیاں استعمال کرنے کا رجحان موجود ہے، جبکہ بعض افراد کی آمدن بھی واضح نہیں ہوتی لیکن وہ مہنگی گاڑیاں رکھتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ سرکاری افسران کے لیے بھی گاڑیوں کے استعمال کی حد مقرر کرے اور 1300 سی سی سے بڑی گاڑیوں کے استعمال پر پابندی یا مناسب ضابطہ متعارف کرائے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام کو پیٹرول کی قیمتوں میں ریلیف دینے کے لیے جماعت اسلامی نے مسلسل آواز اٹھائی ہے، دو سال پہلے عام شہری پیٹرولیم لیوی کے بارے میں زیادہ آگاہ نہیں تھے، لیکن جماعت اسلامی نے اس معاملے کو عوام کے سامنے اجاگر کیا اور مختلف سیاسی و عوامی فورمز پر اس کے خلاف آواز بلند کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر جماعت اسلامی دباؤ نہ ڈالتی تو حکومت عوام کو یہ ریلیف دینے کے لیے تیار نہ ہوتی۔

حافظ نعیم الرحمان نے ملک میں گیس کی قلت اور ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا، مختلف علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ عروج پر ہے، جبکہ سرد علاقوں میں صورتحال مزید خراب ہوچکی ہے۔ حکومت نے گیس کی قیمت مقرر کی ہے لیکن مارکیٹ میں ایل پی جی کہیں 500 اور کہیں 700 روپے فی کلو تک فروخت ہورہی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ایل پی جی قانونی طور پر ایران سے پاکستان آرہی تھی تو اس کی سپلائی کیوں بند ہوئی؟ حکومت کو اس حوالے سے عوام کو وضاحت دینی چاہیے۔ حافظ نعیم الرحمان کے مطابق حکومت سپلائی کے مسائل اور کنٹینرز کی عدم دستیابی کا جواز پیش کرتی ہے، حالانکہ دنیا کے مختلف ممالک میں ضرورت پڑنے پر کنٹینرز اور اسٹوریج کی جگہ کرائے پر حاصل کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو انتظامی مشکلات کا بہانہ بنانے کے بجائے عوام کو گیس کی فراہمی یقینی بنانی چاہیے۔

انہوں نے پیٹرولیم کے شعبے میں آئل ریفائنریز کے کردار پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے اس شعبے میں موجود مسائل کی نشاندہی کی ہے۔ ان کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات مقامی صارفین تک پہنچانے کے لیے آئل ریفائنریز کے منافع اور مارجن کا بھی جائزہ لینا ضروری ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ماضی میں مقامی طور پر حاصل ہونے والے تیل کو بھی درآمدی تیل کی قیمت کے مطابق فروخت کیا جاتا رہا، جس کا بوجھ عوام نے برداشت کیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں تیل، چینی، گیس، آٹا اور بجلی کے شعبوں میں مختلف مافیاز اور کارٹلز سرگرم ہیں، جن میں حکومت اور اپوزیشن کی کوئی واضح تفریق دکھائی نہیں دیتی۔ ان کے بقول یہ بااثر گروہ مل کر عوام کا استحصال کررہے ہیں اور حکومت کو ان کے خلاف مؤثر کارروائی کرنی چاہیے۔

پریس کانفرنس کے دوران امیر جماعت اسلامی نے زراعت کے شعبے کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت گنے کی فصل تیار ہے لیکن کسانوں کو مناسب قیمت نہیں مل رہی اور کرشنگ سیزن کے آغاز کے حوالے سے بھی غیر یقینی صورتحال ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شوگر ملز کے مالکان کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ دینے کے لیے تیار نہیں، جبکہ چینی کی درآمد اور برآمد سے متعلق حکومتی فیصلوں سے مخصوص طبقوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ترین اور شریف خاندانوں کی ملوں کا حصہ 70 فیصد سے زیادہ ہونے کا دعویٰ کیا جاتا ہے، اس لیے حکومت کو شوگر ملز کے معاملات اور کسانوں کے استحصال کا جواب دینا چاہیے، گندم کے کاشت کاروں کو بھی مناسب قیمت نہیں مل رہی، بیج مہنگا ہے اور کسان کو اپنی پیداوار کا پورا معاوضہ نہیں ملتا، جبکہ صارفین کو آٹا اور روٹی مہنگی خریدنا پڑتی ہے، درمیان میں موجود منافع خور کسان سے سستی گندم خرید کر عوام کو مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زرعی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کسان مشکلات کا شکار ہے اور حکومت کو واضح کرنا چاہیے کہ زراعت کی بہتری کے لیے اس کی پالیسی کیا ہے، تھا کہ پنجاب میں زراعت کے ساتھ تعلیمی شعبہ بھی متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے نویں جماعت کے امتحانات میں طلبہ کی کامیابی کی شرح سے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکومت کو تعلیمی نتائج اور اسکولوں کی صورتحال پر بھی جواب دینا چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے باوجود جماعت اسلامی اپنی عوامی جدوجہد ختم نہیں کرے گی، گیس، کھاد، یوریا اور دیگر بنیادی اشیا کی قیمتوں میں کمی سمیت کسانوں اور عام شہریوں کے مسائل حل ہونے تک احتجاج اور عوامی رابطہ مہم جاری رہے گی، جماعت اسلامی مذاکرات اور احتجاج دونوں راستے ساتھ لے کر چلتی ہے اور عوامی حقوق سے دستبردار نہیں ہوگی۔

حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 22 نومبر کو کوئٹہ میں جلسہ عام کرے گی، جبکہ 29 نومبر کو لاہور کے مینار پاکستان پر بھرپور عوامی اجتماع منعقد کیا جائے گا، جس میں پنجاب بھر سے لوگوں کی شرکت متوقع ہے، خیبرپختونخوا اور کراچی میں بھی جلسے کیے جائیں گے اور جماعت اسلامی پوری قوت سے عوام کو متحرک کرے گی، جماعت اسلامی تصادم نہیں چاہتی بلکہ عوام میں شعور بیدار کرنے اور پُرامن جدوجہد کے ذریعے مسائل حل کرانے پر یقین رکھتی ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات مسلسل تاخیر کا شکار ہیں اور اس معاملے پر جماعت اسلامی کی درخواست عدالت میں موجود ہے، بڑے شہروں میں ایک میئر ہونا چاہیے اور ملتان، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد جیسے شہروں میں بھی بااختیار بلدیاتی نظام قائم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی انتخابات میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور عوام کو مقامی سطح پر اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق دیا جائے۔