پاکستان میں آج کل پیٹرول بھی اسی نوعیت کے ایک قومی مکالمے کا موضوع بنا ہوا ہے۔ ایک طرف جماعت اسلامی ہے جو پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے، دوسری طرف حکومت ہے جو عوام کو ریلیف دینے کی خواہش تو رکھتی ہے مگر اسے آئی ایم ایف کی شرائط، بجٹ کے اہداف اور قومی خزانے کی صحت کا خیال بھی ستاتا ہے۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ عوام کے لیے پیٹرول سستا کرنا ایک سیاسی، معاشی اور بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے۔ پیٹرول پمپ پر کھڑا آدمی البتہ اتنی باریکیاں نہیں سمجھتا۔ اسے صرف یہ معلوم ہے کہ گاڑی میں پیٹرول ڈلوانا ہے تو جیب میں کتنے پیسے ہونے چاہییں۔

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان کا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کی جائے اور پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر تک لائی جائے۔ حکومت سے مذاکرات بھی جاری ہیں، کمیٹیاں بھی بن چکی ہیں، ملاقاتیں بھی ہو رہی ہیں اور بیانات بھی آرہے ہیں۔ گویا پیٹرول سستا کرنے کے لیے فی الحال پیٹرول سے زیادہ مذاکرات خرچ ہو رہے ہیں۔

فریقین کے درمیان بنیادی اختلاف بھی دلچسپ ہے۔ جماعت اسلامی کہتی ہے کہ لیوی ختم کرو، حکومت کہتی ہے کہ مرحلہ وار ریلیف دیں گے۔ جماعت کے مطابق حکومت نے 20 سے 30 روپے فی لیٹر کمی کی پیشکش کی، جسے مسترد کر دیا گیا۔

تین ستمبر 2026 سے شروع ہونے والے مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں، جماعت اسلامی رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ ڈرافٹ فائنل ہورہا ہے جلد معاہدہ ہوجائے گا۔

یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ اگر عوام پر بوجھ واقعی زیادہ ہے تو اسے کم کرنے میں اتنی احتیاط کیوں؟ اور اگر حکومت کے پاس ریلیف دینے کی گنجائش نہیں تو پھر مذاکرات کی میز پر عوام کو امیدیں کیوں دلائی جا رہی ہیں؟

آئی ایم ایف کا نام آتے ہی خزانہ کیوں یاد آتا ہے؟

وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے سیاسی دباؤ کے تحت پیٹرولیم لیوی میں فوری کمی کے امکان کو مسترد کیا، البتہ آئندہ بجٹ سے مرحلہ وار کمی پر غور کرنے کا عندیہ دیا۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ وہ عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ مالی اہداف اس کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

یہاں حکومت کی مجبوری کو بھی سمجھنا چاہیے۔ ملک کا بجٹ محض خواہشات سے نہیں چلتا۔ آمدنی اور اخراجات کے درمیان ایک حساب ہوتا ہے، اور اگر ایک طرف سے آمدنی کم کی جائے تو دوسری طرف سے اس کی تلافی بھی کرنا پڑتی ہے۔

لیکن سوال یہ ہے کہ ہر مرتبہ عوام کو ریلیف دینے کی باری آئے تو آئی ایم ایف سامنے کیوں آ جاتا ہے؟ کیا ہماری معاشی منصوبہ بندی اتنی محدود ہے کہ پیٹرولیم لیوی کم کرنے کا مطلب پورے مالیاتی نظام کو خطرے میں ڈالنا بن جاتا ہے؟

اعداد و شمار دیکھیں تو معاملہ مزید واضح ہوتا ہے۔ مئی میں دستیاب اعداد و شمار کے مطابق حکومت پیٹرول پر 117.4 روپے اور ڈیزل پر تقریباً 43 روپے فی لیٹر لیوی وصول کر رہی تھی۔ اکتوبر کی ایک رپورٹ میں پیٹرول پر ٹیکس اور ڈیوٹیز کی مجموعی رقم تقریباً 114 روپے فی لیٹر بتائی گئی۔

آئی ایم ایف کے مطابق مالی سال 2026-27 کے لیے حکومت نے پیٹرولیم لیوی سے 17 سو 27 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ یہ گزشتہ ہدف سے 259 ارب روپے، یعنی تقریباً 17.6 فیصد زیادہ ہے۔

وفاقی محصولات کا مجموعی ہدف 17 سو ارب روپے سے زائد ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی وفاقی آمدنی کا تقریباً دس فیصد فراہم کرتی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کے مطابق حکومت ہر ماہ تقریباً 150 ارب روپے لیوی کی مد میں وصول کرتی ہے۔ سالانہ ہدف کو بارہ ماہ پر تقسیم کیا جائے تو یہ رقم تقریباً 144 ارب روپے بنتی ہے۔ یعنی جماعت اسلامی کا بیان سرکاری ہدف کے حساب سے بہت زیادہ دور نہیں۔

اب حکومت سے یہ پوچھنا بنتا ہے کہ اگر لیوی ختم کر دی جائے تو یہ رقم کہاں سے آئے گی؟ کیا کسی دوسرے ٹیکس میں اضافہ ہوگا؟ کیا حکومتی اخراجات کم ہوں گے؟ کیا خسارہ برداشت کیا جائے گا؟ یا پھر آئی ایم ایف سے ایک نئی مالیاتی رعایت مانگی جائے گی؟

یہ سوالات اہم ہیں، کیونکہ حکومت کے خزانے میں آنے والی رقم آخرکار عوام ہی سے وصول کی جاتی ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ کبھی اسے ٹیکس کہتے ہیں، کبھی لیوی، کبھی ڈیوٹی اور کبھی مالیاتی ضرورت۔

اس حوالے سے جماعت اسلامی کی تکنیکی کمیٹی نے اپنی تجاویز پیش کی ہیں اور کچھ نظام میں خامیوں کی بھی نشاندہی کی ہے۔ حکومت نے اپنی خامیوں کو دور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ 

ایک سادہ حساب لگائیں۔ اگر پیٹرول کی موجودہ قیمت 352.59 روپے فی لیٹر ہو اور اس میں سے تقریباً 114 روپے کے ٹیکس اور ڈیوٹیز ختم کر دیے جائیں تو قیمت 240 روپے کے قریب پہنچ سکتی ہے۔

جماعت اسلامی کا ہدف 225 روپے فی لیٹر ہے۔ اس منزل تک پہنچنے کے لیے صرف لیوی ختم کرنا کافی نہیں ہوگا۔ ریفائنریوں اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے منافع اور مارجن کا معاملہ بھی دیکھنا پڑے گا، جس میں کمی کا مطالبہ جماعت اسلامی کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔

لیکن یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ پیٹرول کی قیمت صرف حکومت کی مرضی سے مقرر نہیں ہوتی۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت، ڈالر کا ریٹ، درآمدی اخراجات، مقامی ٹیکس اور دیگر عوامل بھی اس میں شامل ہوتے ہیں۔

یعنی پیٹرول 225 روپے کا ہو سکتا ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ محض ایک سیاسی اعلان سے نہیں ہوگا۔ اس کے لیے مکمل معاشی حساب سامنے لانا پڑے گا۔

تو پھر کیا کیا جائے؟

پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں کا تعلق بڑی حد تک عالمی منڈی اور خلیج کی صورت حال سے ہے۔ یکم نومبر کی رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 118 ڈالر فی بیرل کے قریب تھی، جبکہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے خطرات بھی برقرار تھے۔

اکتوبر کے آغاز میں بھی برینٹ 102 ڈالر سے اوپر تھا، جبکہ اگست میں آبنائے ہرمز کھلنے کی امید پر قیمت تقریباً 79 ڈالر تک گر گئی تھی۔

یہی عالمی منڈی ہے جو کبھی ہمارے لیے خوش خبری لاتی ہے اور کبھی مہنگائی کا نیا طوفان۔

پاکستان میں 3 اپریل کو پیٹرول کی قیمت 458.41 روپے اور ڈیزل کی قیمت 520.35 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی تھی۔ سال کے آغاز میں پیٹرول تقریباً 263 روپے فی لیٹر تھا۔ 11 نومبر تک پیٹرول 338 روپے اور ڈیزل 371 روپے لٹر مل رہا ہے۔ 

یعنی قیمتیں اپنی بلند ترین سطح سے نیچے تو آئی ہیں، لیکن سال کے آغاز کے مقابلے میں اب بھی خاصی زیادہ ہیں۔

یہاں ایک سوال مزید اہم ہے۔ جب عالمی منڈی میں برینٹ کی قیمت 100 ڈالر سے اوپر بتائی جا رہی تھی تو پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کیسے ہوئی؟ اس میں عالمی نرخوں کا کتنا کردار تھا، لیوی میں تبدیلی کا کتنا حصہ تھا، روپے کی قدر کا کیا اثر پڑا اور درآمدی یا ریفائنری اخراجات میں کتنی رعایت ملی؟

حکومت کو یہ حساب عوام کے سامنے رکھنا چاہیے۔ آخر پیٹرول کی قیمت صرف نوٹیفکیشن میں درج ایک عدد نہیں، کروڑوں لوگوں کے ماہانہ بجٹ کا معاملہ ہے۔

جماعت اسلامی درست یا حکومت مجبور؟

اس بحث میں جماعت اسلامی کے مؤقف کو بھی مکمل طور پر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اس کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے مارے عوام پر پیٹرولیم لیوی کا بھاری بوجھ ڈالنا ناانصافی ہے۔ حکومت جب عالمی منڈی میں قیمتوں کے اضافے کا بوجھ عوام پر منتقل کرتی ہے تو اسے قیمتوں میں کمی کا فائدہ بھی عوام تک پہنچانا چاہیے۔

دوسری طرف حکومت کی دلیل بھی اپنی جگہ م

وجود ہے۔ پیٹرولیم لیوی سے حاصل ہونے والی آمدنی بجٹ کے لیے اہم ہے۔ اگر یہ رقم اچانک ختم کر دی جائے تو حکومت کو کہیں اور سے آمدنی حاصل کرنا ہوگی۔ پہلے ہی مالیاتی خسارے اور قرضوں کے بوجھ تلے دبی معیشت کے لیے یہ کوئی آسان فیصلہ نہیں۔

البتہ حکومت کو یہ وضاحت بھی کرنا ہوگی کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے اس کے پاس متبادل منصوبہ کیا ہے۔ ہر مسئلے کا حل یہ نہیں ہو سکتا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کا حوالہ دے کر معاملہ آئندہ بجٹ تک مؤخر کر دیا جائے۔

جماعت اسلامی کا بھی امتحان ہے کہ وہ صرف لیوی ختم کرنے کا مطالبہ نہ کرے بلکہ یہ بھی بتائے کہ اس کے متبادل محصولات کہاں سے حاصل کیے جائیں۔ ریاست کو چلانے کے لیے پیسہ درکار ہوتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ یہ پیسہ کس سے اور کس طریقے سے وصول کیا جائے؟

اصل سوال پیٹرول کا نہیں، معاشی نظام کا ہے

حکومت اور جماعت اسلامی کی چھ رکنی کمیٹی کے سامنے اب اصل مسئلہ یہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی میں کمی کس رفتار سے کی جائے، اس سے پیدا ہونے والی مالی کمی کہاں سے پوری کی جائے اور کم آمدنی والے طبقے کو فوری ریلیف کیسے فراہم کیا جائے۔

یہ بھی ضروری ہے کہ ریلیف صرف ان لوگوں تک محدود نہ ہو جو گاڑیاں استعمال کرتے ہیں۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش، زراعت اور روزمرہ استعمال کی بے شمار چیزوں کی قیمتوں پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ اس لیے ایندھن سستا ہونے کا فائدہ عام آدمی تک پہنچنا بھی چاہیے۔

حکومت اور جماعت اسلامی دونوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ عوام کو صرف مذاکرات کی خبریں نہیں چاہییں۔ انہیں پٹرول پمپ پر قیمت کم ہوتی دکھائی دینی چاہیے، بس کا کرایہ کم ہونا چاہیے، اشیائے خورونوش سستی ہونی چاہییں اور ماہانہ آمدنی میں سے کچھ رقم بچنے کی امید پیدا ہونی چاہیے۔

ورنہ مذاکرات کی میز پر کتنے ہی دور ہو جائیں، کمیٹیاں کتنی ہی بن جائیں اور بیانات کتنے ہی جاری ہوں، عوام کے لیے یہ سب اسی وقت تک بے معنی رہے گا جب تک ان کی جیب پر پڑنے والا بوجھ کم نہیں ہوتا۔

آخر میں سوال صرف یہ نہیں کہ پیٹرولیم لیوی ختم ہونی چاہیے یا نہیں۔ اصل سوال یہ ہے کہ پاکستان کا معاشی نظام کب تک عوام کی جیب سے پیٹرول کے ذریعے آمدنی جمع کرتا رہے گا؟ کیا ہم کبھی ایسا مالیاتی نظام بنا سکیں گے جس میں حکومت کو اپنے اخراجات پورے کرنے کے لیے ہر مرتبہ عوام کے سفر کو مہنگا نہ کرنا پڑے؟

پیٹرول کی قیمت کم کرنا وقتی ریلیف ہے، مگر عوام کو مہنگائی کے چکر سے نکالنا اصل معاشی کامیابی ہوگی۔

نوٹ: بلاگر کے ذاتی خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ ایڈیٹر