بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے، جہاں فی تولہ سونے کی قیمت 3400 روپے کم ہوکر 4 لاکھ 27 ہزار 436 روپے ہوگئی۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 2915 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 66 ہزار 457 روپے ہوگئی۔

یاد رہے کہ منگل کو سونے کی فی تولہ قیمت 1500 روپے کی کمی کے بعد 4 لاکھ 30 ہزار 836 روپے ہوگئی تھی، جبکہ 10 گرام سونے کے نرخ 1286 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 69 ہزار 372 روپے پر آگئے تھے۔

دوسری جانب مقامی مارکیٹ میں چاندی کی فی تولہ قیمت 45 روپے اضافے کے بعد 5768 روپے ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، جن میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورت حال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہیں۔

عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ غیر یقینی صورت حال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔

پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کے شرح تبادلے کا تناسب بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔