لاہور میں گوگل اور ٹیک ویلی کے اشتراک سے منعقدہ ڈیجیٹل جرنلزم امپیکٹ ایونٹ سے خطاب کرتے ہوئے علی ڈار نے کہا کہ مصنوعی ذہانت نے اطلاعات اور خبروں کی دنیا میں غیر معمولی تبدیلیاں پیدا کی ہیں۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے مواد تیار کرنا آسان ہوگیا ہے، تاہم اس کے ساتھ غلط معلومات، گمراہ کن مواد اور جعلی ویڈیوز کے پھیلاؤ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں صحافی کی بنیادی ذمہ داری صرف خبر شائع کرنا نہیں بلکہ اس کے درست ہونے کی تصدیق کرنا بھی ہے۔ اگر کسی ویڈیو یا آڈیو کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے تبدیل کیا جاسکتا ہے تو صحافیوں کو کسی بھی مواد پر اعتماد کرنے سے پہلے اس کی حقیقت جانچنی ہوگی، کیونکہ صحافت کی ساکھ کا انحصار درست معلومات کی فراہمی پر ہے۔
علی ڈار نے ڈیجیٹل صحافت پروگرام کی پیش رفت سے متعلق بتایا کہ اس اقدام کے تحت اب تک ملک بھر میں 4 ہزار سے زائد صحافیوں اور طلبہ کو تربیت فراہم کی جاچکی ہے، اس پروگرام کے ذریعے صحافتی شعبے سے وابستہ افراد کو خبر کی تصدیق، ڈیجیٹل تحقیق اور مصنوعی ذہانت کے جدید ٹولز استعمال کرنے کی تربیت دی گئی ہے، تاکہ وہ بدلتے ہوئے میڈیا ماحول میں جدید تقاضوں کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بہتر بنا سکیں۔
مشیر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت صرف ایک نئی ٹیکنالوجی نہیں بلکہ کام کرنے کے طریقوں میں بڑی تبدیلی کا ذریعہ ہے۔ اس سے مؤثر انداز میں فائدہ اٹھانے کے لیے محض جدید ٹولز تک رسائی کافی نہیں، بلکہ تربیت، عملی مہارت اور ان کے ذمہ دارانہ استعمال کا شعور بھی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کو ایک طاقتور قلم کی حیثیت حاصل ہے، جو صحافیوں کے کام کو تیز اور مؤثر بنا سکتی ہے، تاہم سچ اور جھوٹ میں فرق کرنے کی ذمہ داری ٹیکنالوجی کے بجائے صحافی کی اپنی پیشہ ورانہ اقدار، دیانت داری اور فیصلے کی صلاحیت پر عائد ہوتی ہے۔ ان کے مطابق ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے صحافتی اصولوں اور عوامی اعتماد کو ہر صورت مقدم رکھنا ہوگا۔
علی ڈار نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کا ہدف ہے کہ 2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا کا ایک نمایاں مصنوعی ذہانت سے ہم آہنگ صوبہ بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے ٹیکنالوجی، تربیت اور بین الاقوامی تعاون کے شعبوں میں اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ جدید ڈیجیٹل نظام کو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں متعارف کرایا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں گزشتہ اڑھائی برس کے دوران پنجاب حکومت نے مختلف شعبوں میں اپنی کارکردگی منوائی ہے، حکومتی اقدامات اور کارکردگی کو ناقدین بھی تسلیم کررہے ہیں اور پنجاب حکومت کی کارکردگی پاکستان بھر میں نمایاں ہے۔
تقریب میں ڈیجیٹل صحافت کے مستقبل، مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثرات اور صحافیوں کی پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ علی ڈار کے خطاب کا مرکزی نکتہ یہ تھا کہ جدید ٹیکنالوجی صحافت کے لیے نئے مواقع ضرور پیدا کررہی ہے، لیکن اس کے باوجود خبر کی تصدیق، غیر جانب داری اور سچائی ہی صحافت کی اصل بنیاد رہیں گی۔







