وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنی سات دہائیوں پر محیط دوستانہ شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، جبکہ جائیکا نے پاکستان کی ترقی میں مختلف شعبوں میں قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جائیکا کے صدر کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تکنیکی اور ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے مؤثر معاشی اصلاحات اور جامع پالیسیوں کے ذریعے ملکی معیشت کو استحکام کی جانب گامزن کیا ہے اور اب پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اصلاحاتی عمل مزید تیز کیا جا رہا ہے، گزشتہ چند برسوں کے دوران حکومتی اقدامات کے باعث سرکاری محصولات میں نمایاں اضافہ ہوا، جس سے معاشی بہتری کے مثبت آثار سامنے آئے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ہنر، فنی تعلیم اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا بھی حکومتی پالیسی کا اہم حصہ ہے، اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت انسانی وسائل کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ نوجوان ملکی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
وزیراعظم نے معدنیات کے شعبے کو پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے، جائیکا کی جانب سے تکنیکی معاونت اور مہارت کے تبادلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے معدنی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) میں اصلاحات کے ذریعے ادارے کی کارکردگی بہتر بنائی ہے، جبکہ جائیکا کے تعاون سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ ملے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے جاپان میں حالیہ زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جائیکا کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو نے اظہارِ تعزیت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر تاناکا آکیہیکو نے پاکستان کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جائیکا صحت، تعلیم، شہری و دیہی ترقی، فنی و تکنیکی تربیت، بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہاں ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
جائیکا کے صدر نے اس موقع پر مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جاپان اور عالمی برادری خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کی سفارتی کوششوں کو مثبت انداز میں دیکھتی ہے اور ان اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔






