ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کو درپیش اندرونی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت کو مختلف علاقوں میں جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، سیکیورٹی فورسز کی پیش رفت اور دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خلاف کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے صدر مملکت کو بتایا کہ حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ملک بھر میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔
ملاقات کے دوران سرحدی علاقوں کی سیکیورٹی، حساس تنصیبات کے تحفظ، داخلی سلامتی کو مزید مؤثر بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دہشت گردی جیسے سنگین چیلنج سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد، ادارہ جاتی تعاون اور مسلسل کارروائیاں ناگزیر ہیں۔
اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج، پولیس، فرنٹیئر کور، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، سیکیورٹی فورسز نے وطن کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے بے مثال خدمات انجام دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا کویت کی جانب سے دفاعی تعاون معاہدے کی توثیق کا خیرمقدم
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے اور ریاست ہر اس قوت کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی جو ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے حکومت، سیکیورٹی ادارے اور پوری قوم ایک صفحے پر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن کی بحالی نہ صرف متعلقہ صوبوں بلکہ پورے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ حکومت متاثرہ علاقوں میں سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ ترقیاتی اقدامات، عوامی فلاح اور ریاستی رٹ کے مزید استحکام کے لیے بھی اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے، عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے اور ملک بھر میں دیرپا امن قائم کرنے کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔







