بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے بتایا کہ ان کی اور سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی، جس کے دوران وہ تقریباً چار گھنٹے تک وہاں موجود رہے۔ ملاقات میں بشریٰ بی بی بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران قانونی امور اور مختلف مقدمات کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

رپورٹر کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق سوال پر سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ انہیں آنکھ اور بلڈ پریشر کا مسئلہ ہے، تاہم بظاہر ملاقات کے دوران وہ ہشاش بشاش اور مستعد دکھائی دیے۔

میڈیا نمائندوں نے سوال کیا کہ کیا قانونی مشاورت کے دوران 28ویں آئینی ترمیم پر بھی بات ہوئی؟ اس پر لطیف کھوسہ نے تصدیق کی کہ اس معاملے پر بھی گفتگو ہوئی ہے، تاہم وہ اس کی تفصیلات بتانے سے قاصر ہیں۔

سردار لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ سلمان صفدر کل اس ملاقات کی تمام تفصیلات سامنے رکھیں گے۔ ان کے مطابق ملاقات میں زیادہ تر گفتگو قانونی امور سے متعلق ہوئی۔

دوسری جانب جیل ذرائع کے مطابق لطیف کھوسہ اورسلمان صفدر کی عمران خان سےملاقات 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں وکلا نے بانی پی ٹی آئی سے مقدمات اورمتفرق پٹیشنز پر تفصیلی مشاورت کی، ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔

جیل ذرائع نے بتایا کہ وکلا نے بشریٰ بی بی کے مقدمات اور دیگر قانونی پہلووں پر بھی عمران خان سے مشاورت کی۔

بانی پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی۔ دونوں وکلا کی ملاقات اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات پرکرائی گئی۔