ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا ہے کہ سسٹم کی خرابی اور کمزوری کا تو بچے بچے کو علم ہے، وفاقی وزیر کی اپنی ہی حکومت کے خلاف چارج شیٹ لمحۂ فکریہ ہے۔ طے یہ کرنا ہے کہ اس سسٹم کے خالق کون ہیں اور اس کی خرابی کے ذمہ دار کون ہیں؟
اسلم غوری نے کہا کہ ہائبرڈ نظام کے خالق اور اس کا حصہ بننے والے لوگ ملک کو اس مقام پر پہنچانے کے ذمہ دار ہیں۔ ہائبرڈ نظام نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں، جبکہ محسن نقوی کا بیان اعترافِ جرم کے زمرے میں آتا ہے۔
اسلم غوری نے کہا کہ نظامِ عدل کا کنٹرول، شعائرِ اسلام کی توہین، اسمبلیوں کی خرید و فروخت، دھاندلی زدہ انتخابات اور آئینِ پاکستان میں غیر آئینی ترامیم اس نظام کے سیاہ کارنامے ہیں۔ آئین سے ماورا ہر قدم ملک اور نظام کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ جے یو آئی کے خلاف پروپیگنڈا کر کے ہمیں آئین کے تحفظ کی سزا دی جا رہی ہے، جب کہ قیادت کے خلاف جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔






