دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان، جو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کا دستخط کنندہ بھی ہے، تمام فریقوں کو اس معاہدے کے تحت دوبارہ مذاکرات کی طرف لانے کے لیے متحرک سفارت کاری کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران اور امریکا کو اس مفاہمتی یادداشت کے تحت تکنیکی مذاکرات سے متعلق اپنے وعدوں پر مکمل عملدرآمد کی ترغیب دے رہا ہے، تاکہ تعطل کا شکار سفارتی عمل دوبارہ شروع کیا جا سکے۔

ترجمان نے کہا کہ ماضی قریب کے مقابلے میں خطے کی سکیورٹی صورتحال میں کچھ بہتری ضرور آئی ہے، تاہم مجموعی حالات اب بھی غیر یقینی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا واضح مؤقف ہے کہ تمام تنازعات کا حل صرف مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے اور ایران و امریکا کے درمیان جاری بات چیت کی پاکستان حمایت کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام، کشیدگی میں کمی اور بحیرہ احمر اور آبنائے ہرمز میں عالمی بحری تجارت کی بلا تعطل روانی کے لیے اپنا مثبت اور فعال سفارتی کردار جاری رکھے گا۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کی قیادت سمیت مختلف ممالک کے رہنماؤں اور وزرائے خارجہ سے رابطے کیے ہیں تاکہ علاقائی امن اور مشترکہ سفارتی حکمت عملی کو فروغ دیا جا سکے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی برقرار رکھنے اور مذاکرات کی بحالی کی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے اور فریقین پر زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے پر زور دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت بدستور مؤثر ہے اور دونوں ممالک جب چاہیں اس سے رجوع کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے جوابی حملوں کے بعد ایران اور امریکا نے اعلان کیا تھا کہ ان کے درمیان طے پانے والا عبوری معاہدہ ختم ہو چکا ہے، جس کے بعد سفارتی عمل کو دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔

پریس بریفنگ کے دوران ترجمان نے غزہ اور فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقبوضہ یروشلم میں اسرائیلی اقدامات اور پابندیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے آٹھ عرب و اسلامی ممالک کے مشترکہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں: ایران چند ہفتوں میں چین سے سینکڑوں جدید فضائی دفاعی میزائل حاصل کرے گا،رائٹرز کا دعویٰ

ترجمان نے کویت کے وزیر خارجہ کے حالیہ دورۂ پاکستان کو دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمیت مختلف علاقائی فورمز پر اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔

انڈیا کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنز کے استعمال کا معاملہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر میں ریکارڈ پر موجود ہے اور پاکستان اس کے استعمال کی مسلسل مذمت کرتا آیا ہے۔ انہوں نے انڈیا میں اقلیتوں کے خلاف مظالم پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ دہشت گرد گروہ پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں، تاہم افغانستان سے موصول ہونے والی بعض اطلاعات کی زمینی سطح پر تصدیق کرنا مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متعلقہ ممالک کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔