اس موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت غیر متزلزل رہے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی موجودگی، انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیاں، آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں اور فوجی محاصرہ شدید تشویش کا باعث ہیں۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت کے اشتعال انگیز بیانات اور جارحانہ طرزِ عمل سے خطے میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے، جبکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار مسئلہ جموں و کشمیر کے ایسے منصفانہ اور پُرامن حل پر ہے جو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہو۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے رہنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔







