پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے بارودی مواد سے تیار کی گئی دو گاڑیوں اور ان میں سوار دہشتگردوں کی نقل و حرکت کو بروقت روک لیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی فوری اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں تباہ کر دی گئیں، جب کہ ان میں سوار چاروں دہشتگرد بھی ہلاک ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس (سینیٹائزیشن) آپریشن جاری ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔