چیئرمین الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجاز اللہ خان نے بتایا کہ فیروزوالا میں سیلاب کے پہلے روز سے الخدمت کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیمیں اور رضاکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ ان کے مطابق اب تک 13 ہزار 228 متاثرہ افراد کو پکا پکایا کھانا اور 11 ہزار 358 افراد کو صاف پانی فراہم کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 6 کشتیوں کے ذریعے 852 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ 5 میڈیکل کیمپسز میں 586 متاثرین کا مفت طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں ادویات اور علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں۔

اعجاز اللہ خان کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہر قدرتی آفت اور ہنگامی صورتحال میں متاثرہ افراد تک بروقت امداد پہنچانا اپنی اولین ذمہ داری سمجھتی ہے۔ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد تنظیم نے اپنے ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام کو مزید مؤثر بنایا، جس کے تحت اس وقت ملک بھر میں 46 ڈیزاسٹر رسپانس سینٹرز اور جدید ویئر ہاؤسز فعال ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امدادی سامان اور تربیت یافتہ ٹیموں کو کم سے کم وقت میں متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جا سکے۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب اکرام الحق نے کہا کہ تنظیم کے تربیت یافتہ رضاکار، پیشہ ور ریسکیو ٹیمیں اور جدید آلات ہر وقت ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ رواں سال یکم جنوری سے اب تک 1,852 افراد کو ایمرجنسی رسپانس اور حادثات سے نمٹنے کی تربیت دی جا چکی ہے، جبکہ یکم مئی 2023 سے اب تک مجموعی طور پر 6,720 افراد ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تربیت حاصل کر چکے ہیں۔

مزید یہ کہ الخدمت فاؤنڈیشن متاثرین کی مکمل بحالی تک ریلیف آپریشن جاری رکھے گی اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے تعاون کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند خاندانوں تک بروقت امداد پہنچائی جا سکے۔