نجی نشریاتی ادارے کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں احتجاج کرنے والے اسی نوعیت کی تنظیموں سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے پاس اسلحہ موجود ہے اور ان کا کوئی سیاسی مطالبہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مظاہرین لوگوں کو شیلڈ بنا کر کھیل کھیلنا چاہتے ہیں، جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جو کارروائی کی ہے یا آئندہ کریں گے، اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کاز کو کبھی نقصان نہیں پہنچنے دیں گے اور نہ ہی کسی کو دھونس اور تشدد کے زور پر اپنی مرضی مسلط کرنے دیں گے۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے عطاء اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایکشن کمیٹی کی تحریک حقوق دلانے کی نہیں بلکہ حقوق چھیننے کی تحریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پرتشدد تحریک میں ملکی اور غیر ملکی عناصر شامل ہیں، احتجاج کی آڑ میں دہشت گردی کی جا رہی ہے، جب کہ عوامی احتجاج میں اسلحے کا استعمال نہیں ہوتا۔






