محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کمزور مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور مشرقی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی شمالی علاقوں پر اثر انداز ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں، جبکہ شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر کے چند مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔

سب سے زیادہ بارش پنجاب میں راولپنڈی کے گوالمنڈی میں 46 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ کچہری میں 43، نیو کٹاریاں میں 30، پیرودھائی میں 28، شمس آباد میں 19 اور چکلالہ ایئرپورٹ پر 15 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اسلام آباد میں بوکرا کے مقام پر 27، زیرو پوائنٹ پر 22، ایئرپورٹ پر 17، گولڑہ میں 11 اور سیدپور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ جہلم میں 14، نارووال میں 12، سیالکوٹ ایئرپورٹ، اوکاڑہ میں 3، مری میں 2، جبکہ لاہور ایئرپورٹ اور قصور میں ایک، ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔

گلگت بلتستان میں بابوسر میں 39، گلگت میں 2 اور استور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ کشمیر کے گڑھی دوپٹہ میں 6 اور خیبرپختونخوا کے پاراچنار میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کے روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 45، دادو میں 44 اور تربت میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔