دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق عمان آمد پر اردن کی وزارتِ خارجہ و تارکینِ وطن کے انسانی حقوق ڈائریکٹوریٹ کی ڈائریکٹر سجا المجالی، اردن میں پاکستان کے سفیر میجر جنرل (ر) خرم سرفراز خان اور پاکستانی سفارت خانے کے سینئر حکام نے نائب وزیراعظم کا استقبال کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سینیٹر اسحاق ڈار اپنے دورے کے دوران اردن کی میزبانی میں منعقد ہونے والے یروشلم سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں فلسطین کی تازہ صورتحال، مقبوضہ علاقوں میں جاری پیش رفت، انسانی بحران اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر مشاورت کی جائے گی۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کی اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم سے بھی ملاقات متوقع ہے، جس میں پاکستان اور اردن کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی تعاون، مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر گفتگو ہوگی۔
اس کے علاوہ سینیٹر اسحاق ڈار مختلف شریک ممالک کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے فروغ، سیاسی و سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اس اجلاس میں فلسطینی عوام کے حقوق، دو ریاستی حل کی حمایت اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے اپنے اصولی مؤقف کو ایک بار پھر اجاگر کرے گا، جبکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں امن، استحکام اور انسانی امداد کی ضرورت پر بھی زور دیا جائے گا۔







