وزیراعظم کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کو فراہم کی جانے والی قونصلر خدمات، دستاویزات کی تصدیق، شکایات کے ازالے اور ڈیجیٹل نظام کی بہتری سے متعلق مختلف تجاویز اور جاری منصوبوں کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، ایف آئی اے، وزارت آئی ٹی، نادرا، نیشنل پولیس بیورو، مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفراء اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پاور آف اٹارنی، جائیداد کی خرید و فروخت اور دیگر قانونی دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو مزید محفوظ اور آسان بنانے کے لیے کیو آر (QR) کوڈ پر مبنی جدید نظام متعارف کروا دیا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے درخواست گزار اپنی دستاویزات کی تصدیق اور متعلقہ معلومات کو تیزی سے حاصل کر سکیں گے، جبکہ جعلسازی کے امکانات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ تمام پاکستانی سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں کیو آر کوڈ نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کو اس جدید سہولت سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد ڈیجیٹل خدمات اور شکایات کے نظام سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارت خارجہ کے اسلام آباد دفتر میں شام کی شفٹ کے آغاز، آسان خدمت مرکز کے قیام، کورئیر سروس کے ذریعے دستاویزات کی ترسیل اور تصدیق، نیز مختلف قومی اداروں کے ڈیٹا بیس کو باہم منسلک کرنے کے بعد تصدیقی عمل پہلے کی نسبت زیادہ تیز، شفاف اور مؤثر ہو گیا ہے۔
حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC)، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (IBCC)، نادرا اور نیشنل پولیس بیورو کے ریکارڈ کو وزارت خارجہ کے نظام سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے باعث تعلیمی اسناد، شناختی دستاویزات اور دیگر سرکاری ریکارڈ کی تصدیق میں لگنے والا وقت نمایاں طور پر کم ہو گیا ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق اپوسٹائل (Apostille) نظام کے تحت تصدیقی عمل کو ون اسٹاپ سروس میں تبدیل کیا جا چکا ہے، جبکہ مستقبل میں پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کے لیے نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کے تعاون سے جدید موبائل ایپلی کیشن تیار کی جا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: ملک میں امن و امان اولین ترجیح، صدر زرداری اور محسن نقوی کے درمیان قومی سلامتی پر مشاورت
اس مجوزہ موبائل ایپ کے ذریعے اوورسیز پاکستانی دنیا کے کسی بھی حصے سے برتھ سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور دیگر اہم دستاویزات کی ڈیجیٹل تصدیق، درخواستوں کی ٹریکنگ اور مختلف قونصلر خدمات آن لائن حاصل کر سکیں گے، جس سے وقت اور اخراجات دونوں میں نمایاں بچت ہوگی۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ترسیلاتِ زر کے ذریعے قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل، شفاف نظام اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں دنیا کے کسی بھی ملک میں پاکستانی سفارتخانوں سے بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت عون چوہدری، معاون خصوصی طارق باجوہ اور مختلف وزارتوں و اداروں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی اور اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل اصلاحات پر اپنی تجاویز پیش کیں۔







