وزیراعظم شہبازشریف سعودی عرب کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے۔وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پرسعودی عرب کادورہ کررہے ہیں۔
نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار،فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ دور سعودی عرب پر روانہ ہوئے ہیں۔
دورہ سعودی عرب کے دوران وزیرِاعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات ہوگی جس میں برادرانہ تعلقات اور شراکت داری مزید مضبوط کرنے اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اپنے دورے کے دوران عمرہ بھی ادا کریں گے اور مدینہ منورہ میں روضہ رسولﷺ پرحاضری بھی دیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق علاقائی امن، سفارتی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کے فروغ کے لیے دورہ اہم ہے۔
سعودی عرب روانگی سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر زیڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں چینی سفیر نے وزیراعظم کو چین کے صدر شی جن پنگ کا ایک خط پیش کیا جس میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 105 ویں سالگرہ کے موقع پر وزیراعظم پاکستان کے خط پر اظہارِ تشکر کیا گیا تھا۔
دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں مثبت پیش رفت کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیراعظم نے چین کے ساتھ 'آل ویدر اسٹریٹیجک شراکت داری' (all-weather strategic partnership) کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے عوامی سطح پر رابطوں کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کی سیاسی جماعتوں اور پارلیمانوں کے مابین تبادلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ملاقات میں باہمی تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر بھی تبادلہء خیال کیا گیا۔







