نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب 25 کلوواٹ تک کے سولر سسٹم نصب کرنے والے صارفین کو نیپرا سے پیشگی لائسنس یا اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد سولر توانائی کے فروغ کے ساتھ ساتھ منظوری کے عمل کو تیز اور آسان بنانا ہے۔

ترمیم شدہ قواعد کے تحت 25 کلوواٹ تک کے سولر سسٹمز کی منظوری کا اختیار متعلقہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ اب صارفین کی درخواستوں پر براہِ راست متعلقہ ڈسکوز کارروائی کریں گی، جس سے منظوری کا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان اور کم وقت میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ نئی ترامیم سے سولر صارفین کو غیر ضروری ریگولیٹری مراحل سے گزرنا نہیں پڑے گا، جبکہ ملک میں قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینے، سولر انرجی کو عام کرنے اور بجلی کے متبادل ذرائع کی حوصلہ افزائی میں بھی مدد ملے گی۔

توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے گھریلو، تجارتی اور چھوٹے صنعتی صارفین کو فائدہ پہنچے گا، کیونکہ 25 کلوواٹ تک کے سولر سسٹمز کی تنصیب کے لیے اب ایک اہم انتظامی رکاوٹ ختم ہو گئی ہے۔ اس اقدام سے سولر اپنانے کے رجحان میں مزید اضافہ ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔