برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق پاکستانی امیدوار چیوننگ اسکالرشپس، چیوننگ آکسفورڈ سینٹر فار اسلامک اسٹڈیز (او سی آئی ایس) فیلوشپ اور کامن ویلتھ اسٹارٹ اپ فیلوشپ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ ان پروگرامز کا مقصد باصلاحیت پاکستانیوں کو عالمی معیار کی تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

برطانوی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ ان پروگرامز کے ذریعے شرکا کو دنیا کی معروف جامعات، ماہرین اور کاروباری افراد کے ساتھ روابط قائم کرنے کا موقع ملے گا، جبکہ وہ نئی مہارتیں حاصل کرکے اپنے شعبوں میں مثبت کردار ادا کر سکیں گے۔

چیوننگ اسکالرشپ کے تحت منتخب پاکستانی امیدواروں کو برطانیہ کی مختلف جامعات میں ایک سالہ ماسٹرز ڈگری مکمل کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ اس پروگرام کے لیے ایسے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی جو قائدانہ صلاحیتوں، معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے عزم اور واضح مستقبل کے منصوبوں کے حامل ہوں۔

اسی طرح چیوننگ آکسفورڈ سینٹر فار اسلامک اسٹڈیز فیلوشپ درمیانی کیریئر سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اور ماہرین کے لیے ہے، جس کے ذریعے انہیں آکسفورڈ یونیورسٹی میں آزادانہ تحقیق اور اپنے شعبے میں مزید مہارت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

دوسری جانب کامن ویلتھ اسٹارٹ اپ فیلوشپ ایسے کاروباری افراد کے لیے ہے جن کے منصوبوں میں ترقی کی صلاحیت موجود ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے شرکا کو برطانیہ کے ماہرین سے رہنمائی حاصل کرنے، کاروبار کو بہتر بنانے اور اسے وسعت دینے کے مواقع ملیں گے۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستان میں صلاحیتوں کی کمی نہیں، اور یہ پروگرام باصلاحیت افراد کو ایسی مہارتیں، روابط اور تجربات فراہم کرتے ہیں جن کی مدد سے وہ اداروں کی قیادت، کاروبار کی ترقی اور عالمی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے امیدواروں پر زور دیا کہ وہ درخواستیں اپنے ذاتی تجربات، خیالات اور مستقبل کے منصوبوں کی بنیاد پر تیار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کیے گئے جوابات استعمال کرنے والے امیدوار نااہلی کا سامنا کر سکتے ہیں۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق تینوں پروگرام مکمل طور پر مفت ہیں اور منتخب امیدواروں کے لیے ہوائی سفر، تعلیمی فیس، ویزا اخراجات، رہائش اور دیگر ضروری اخراجات کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

بیان کے مطابق پاکستان میں اب تک دو ہزار سے زائد چیوننگ پروگرام کے سابق شرکا موجود ہیں، جو سرکاری اداروں، کاروباری شعبے، جامعات، میڈیا اور سول سوسائٹی سمیت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق ان پروگرامز کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور امیدوار یکم ستمبر تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔