جمیما گولڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے تفصیلی بیان میں کہا کہ وہ ان خواتین کی ہمت اور حوصلے کو سراہتی ہیں جنہوں نے رسل برانڈ کے خلاف مقدمے میں سامنے آکر اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعات بیان کیے، انہیں اس بات پر اطمینان ہے کہ رسل برانڈ کو بالآخر اپنے اعمال کے حوالے سے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ انصاف کے کٹہرے میں آئے۔

جمیما کے مطابق انہوں نے 2014 کے لگ بھگ رسل برانڈ کے ساتھ تقریباً ایک سال تک تعلق رکھا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2014 میں پیش آنے والے ایک پرتشدد واقعے کے دوران انہیں رسل برانڈ کو اپنے گھر سے نکلوانے کے لیے پولیس کو بلانا پڑا تھا، اس وقت انہوں نے اس معاملے پر باقاعدہ قانونی کارروائی یا مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ نہیں کیا تھا۔

جمیما گولڈ اسمتھ نے اپنے بیان میں مبینہ طور پر پیش آنے والے واقعات کو تشدد، زبردستی کنٹرول اور بدسلوکی سے تعبیر کیا، تاہم ان الزامات کے حوالے سے کسی عدالتی فیصلے کی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

دوسری جانب رسل برانڈ کے خلاف جنسی جرائم کے مقدمے میں عدالت نے انہیں 2009 میں ایک خاتون کے ساتھ عصمت دری اور مزید تین خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے الگ الگ واقعات میں مجرم قرار دیا۔ عدالت نے ان جرائم پر انہیں ساڑھے 10 سال قید کی سزا سنائی۔

سزا کے موقع پر جج نے رسل برانڈ کے رویے پر سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ان کے طرز عمل میں خواتین کے انکار اور ان کی مرضی کے احترام کے حوالے سے غیر سنجیدگی اور متکبرانہ رویہ نمایاں تھا۔ جج کے مطابق رسل برانڈ اپنی شہرت اور اثرورسوخ کی وجہ سے یہ سمجھتے تھے کہ وہ اپنی مرضی کے مطابق کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

جمیما گولڈ اسمتھ کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب رسل برانڈ کو جنسی جرائم کے مقدمے میں سزا سنائی جاچکی ہے اور متاثرہ خواتین کی جانب سے سامنے آنے والے بیانات ایک بار پھر عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

واضح رہے کہ جمیما گولڈ اسمتھ کی جانب سے رسل برانڈ کے خلاف عائد کیے گئے الزامات اور عدالت میں ثابت ہونے والے جرائم الگ معاملات ہیں۔ جمیما کے بیان میں بیان کردہ واقعات پر کسی عدالتی فیصلے کا ذکر نہیں کیا گیا۔