برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق نیشنل ریل کے کمیونیکیشن سینٹر کو بجلی کی فراہمی میں تعطل کے باعث انگلینڈ کے مختلف ریلوے روٹس پر ٹرین سروسز بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ اس خرابی کے اثرات گریٹر مانچسٹر، مڈلینڈز اور نارتھ ویسٹ سمیت کئی علاقوں میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے کمیونیکیشن سسٹم متاثر ہوا، جس کے باعث متعدد ٹرینیں منسوخ کرنی پڑیں، کئی سروسز تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ بعض ٹرینیں اپنے مقررہ روٹس کے بجائے متبادل راستوں پر چلائی جا رہی ہیں۔

نیشنل ریل نے مسافروں کے لیے سفری الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ریلوے نظام میں خلل جمعرات کی رات تک برقرار رہ سکتا ہے۔ ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر سے پہلے اپنی ٹرین اور روٹ کی تازہ ترین صورتحال ضرور چیک کریں۔

نیشنل ریل کے مطابق اس وقت کم از کم پانچ بڑے ریلوے آپریٹرز کی سروسز متاثر ہیں، جن میں ایوانٹی ویسٹ کوسٹ، ایسٹ مڈلینڈز ریلوے، ناردرن، ٹرانس پینائن ایکسپریس اور ٹرانسپورٹ فار ویلز شامل ہیں۔

ادارے نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مسافروں کو مسلسل صورتحال سے آگاہ کیا۔ پہلی وارننگ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بج کر 18 منٹ پر جاری کی گئی، جس میں بتایا گیا تھا کہ متاثرہ سروسز کم از کم شام 4 بجے تک بحال ہونے کا امکان نہیں۔

بعد ازاں نیشنل ریل نے ایک اور اپ ڈیٹ میں واضح کیا کہ خرابی کی بنیادی وجہ کمیونیکیشن سینٹر میں بجلی کی فراہمی کا تعطل ہے، جس کے باعث ریلوے نیٹ ورک کے مختلف حصوں میں آپریشن متاثر ہوا اور اس کے اثرات پورے دن جاری رہنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل ریل برطانیہ میں مسافر ٹرینیں چلانے والی مختلف نجی اور سرکاری کمپنیوں کا مشترکہ ٹکٹنگ اور معلوماتی پلیٹ فارم ہے، جو ٹکٹنگ، سفری معلومات اور مختلف ٹرین آپریٹرز کے درمیان رابطے کا نظام بھی سنبھالتا ہے۔ اس لیے اس کے کمیونیکیشن سسٹم میں آنے والی خرابی نے ایک ساتھ متعدد ریلوے کمپنیوں کی سروسز کو متاثر کیا۔