عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی ٹیکنالوجی جریدے ’دی انفارمیشن‘ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایلیس ہوانگ نامی چینی کاروباری خاتون نے اپنے شوہر اور بہن کے ساتھ مل کر چین اور سنگاپور میں کمپنیوں کا ایک نیٹ ورک قائم کیا، جس کے ذریعے اینویڈیا کی چپس حاصل کرکے چینی کمپنیوں تک پہنچائی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق اس نیٹ ورک کا مرکزی کردار شنگھائی سینچری لیٹونگ نامی کمپنی تھی، جس کی بنیاد جون 2023 میں رکھی گئی۔ اسی سال اکتوبر تک کمپنی نے اینویڈیا کے ساتھ ’پریفرڈ کلاؤڈ پارٹنر‘ کا درجہ حاصل کرلیا، جس کے باعث اسے کمپنی کی چپس تک ترجیحی رسائی مل گئی۔
دی انفارمیشن کے مطابق جب امریکی برآمدی پابندیوں کے باعث اینویڈیا کی بعض چپس کے آرڈرز رک گئے تو ایلیس ہوانگ نے کمپنی اور اس کے ڈسٹری بیوٹرز کے ساتھ اپنے روابط استعمال کرکے سپلائی حاصل کرنے میں مدد دی۔ اس ذریعے سے تقریباً 2 لاکھ 40 ہزار ایچ 100، ایچ 200 اور بعض اے 100 چپس چین منتقل کی گئیں۔
رائٹرز کے مطابق ایلیس ہوانگ کا تعلق سنگاپور میں قائم کمپنی میگاسپیڈ سے بھی رہا ہے، جس کے ذریعے چپس کی خریداری اور چین تک رسائی کے معاملات امریکی حکام کی جانچ پڑتال میں رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس نیٹ ورک کے ذریعے حاصل کی گئی بعض چپس چین کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں، بشمول علی بابا اور ٹینسنٹ، تک بھی پہنچیں۔
خیال رہے کہ یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اینویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے جینسن ہوانگ کے خلاف مبینہ غیر ملکی انٹیلی جنس کارروائی کے معاملے کی آزادانہ تحقیقات شروع کر رکھی ہیں۔ امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی بھی معاملے کا جائزہ لے رہا ہے۔
رائٹرز کے مطابق جینسن ہوانگ نے کمپنی کے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کیا ہے، تاہم انہوں نے اپنے تعلقات کی تفصیلات بیان نہیں کیں۔
اینویڈیا کے بورڈ کا کہنا ہے کہ فی الحال اس کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں کہ کمپنی کے تجارتی راز یا امریکی قومی سلامتی سے متعلق معلومات افشا ہوئی ہیں۔
رائٹرز نے واضح کیا ہے کہ وہ دی انفارمیشن کی رپورٹ میں بیان کردہ الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کرسکا۔ چینی کاروباری خاتون کے مبینہ انٹیلی جنس روابط سے متعلق دعوے بھی تاحال الزامات کی حیثیت رکھتے ہیں۔







