پنجاب پولیس نے اس منصوبے کے لیے حکومت سے 50 کروڑ روپے طلب کیے ہیں۔ محکمہ داخلہ نے اعتراضات دور ہونے کے بعد سمری صوبائی حکومت کو واپس بھجوا دی ہے، جب کہ منصوبے پر حتمی عمل درآمد وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری سے مشروط ہے۔

منصوبے کے تحت ہر اسمارٹ وین میں 360 ڈگری کیمرہ نصب کیا جائے گا، جو ای چالان کے نادہندگان اور اشتہاری ملزمان کی گاڑیوں کی نشاندہی کرکے فوری الرٹ جاری کرے گا۔ یہ وینز سیف سٹی سسٹم سے منسلک ہوں گی اور ان کے ذریعے گاڑیوں اور شہریوں کی نقل و حرکت کی نگرانی بھی کی جا سکے گی۔

حکام کے مطابق کیمرے کی نگرانی کی رینج 100 کلومیٹر تک ہوگی، جب کہ اوورلوڈ گاڑیوں کی نشاندہی پر بھی فوری الرٹ جاری کیا جائے گا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام سے ایندھن کی بچت میں بھی مدد ملے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد لاہور کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں ایک سے تین اسمارٹ وینز فراہم کی جائیں گی، جب کہ لاہور میں انہیں ماڈل روڈز کی نگرانی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ وینز مرکزی شاہراہوں اور عوامی مقامات پر تعینات ہوں گی۔

پولیس حکام کے مطابق ہر وین کی قیمت آلات سمیت ایک کروڑ 10 لاکھ روپے ہوگی۔ اسمارٹ وینز کی تیاری ایڈیشنل انسپکٹر جنرل لاجسٹکس فوادالدین قریشی کی نگرانی میں کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ’پولیس آئی‘ منصوبے سے ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنانے، قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی نشاندہی اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں مدد ملے گی۔