قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کے مطابق 19 جولائی سے اب تک تیز بارشوں اور فلیش فلڈ کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 22 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 9 مرد، 3 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔
ادارے کے مطابق بارشوں اور فلیش فلڈ کے باعث مجموعی طور پر 37 گھروں کو نقصان پہنچا، جن میں 29 مکانات کو جزوی جبکہ 8 کو مکمل طور پر نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ حادثات پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، لوئر چترال، لوئر اور اپر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، ٹانک، تورغر، کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت مختلف اضلاع میں پیش آئے۔
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق رواں مون سون سیزن کے دوران مختلف حادثات میں 17 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق جاں بحق افراد میں 12 افراد چھتیں یا عمارتیں گرنے، 2 افراد آسمانی بجلی گرنے اور 3 افراد کرنٹ لگنے کے باعث جان کی بازی ہار گئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے اور مختلف اضلاع میں درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا۔
ادارے کے مطابق صوبے کے تمام دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ تاحال معمول کے مطابق ہے، تاہم آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان موجود ہے، جس کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی جا چکی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب اور خیبرپختونخوا نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں، برساتی ندی نالوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔







