انڈین میڈیا کے مطابق مغربی بنگال کے ضلع پوربا بردھمان سے تعلق رکھنے والے تاجر شمس الدین کے 15 سالہ بیٹے محمد طلحہٰ کو طویل عرصے سے بی ایم ڈبلیو ایم 4 کمپیٹیشن گاڑی حاصل کرنے کی خواہش تھی۔
والد نے بیٹے سے وعدہ کیا تھا کہ اگر اس نے ششماہی امتحانات میں اچھے نمبر حاصل کیے تو وہ اس کی یہ خواہش پوری کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق امتحانات کے نتائج آنے پر بیٹے نے عمدہ نمبر حاصل کیے تو والد نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے ممبئی کے علاقے اندھیری میں واقع ایک شو روم سے گاڑی خرید کر بیٹے کو تحفے میں دے دی۔
رپورٹ کے مطابق تحفے میں ملنے والی لگژری گاڑی کو خصوصی کنٹینر میں ممبئی سے مغربی بنگال کے گاؤں منتقل کیا گیا، جہاں گاڑی دیکھنے کے لیے مقامی لوگوں کی بڑی تعداد پہلے ہی موجود تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شمس الدین نامی تاجر کے پاس پہلے بھی کئی مہنگی گاڑیاں موجود ہیں۔ ان کے کار کلیکشن میں جدید ترین رینج روور، مرسڈیز بینز سی کلاس، مہندرا تھار راکس اور ہنڈائی الکازار شامل ہیں۔
اس غیر معمولی تحفے کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی بحث چھڑ گئی۔ بعض صارفین نے والد کی جانب سے بیٹے کی تعلیمی محنت کو سراہنے کے انداز کی تعریف کی، جب کہ کچھ لوگوں نے سوال اٹھایا کہ نوعمر طالب علم کو اتنی مہنگی گاڑی تحفے میں دینا مناسب ہے یا نہیں۔







