ویڈیو پیغام میں رانا سکندر حیات نے کہا کہ انگلش اور کیمسٹری ان کے پسندیدہ مضامین ہیں، اس لیے وہ تدریس کا آغاز پرائمری اسکولوں میں انگلش اور ہائی اسکولوں میں کیمسٹری پڑھانے سے کریں گے، ان دونوں مضامین کے علاوہ دیگر مضامین بھی پڑھائیں گے۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ کسی کو پہلے سے معلوم نہیں ہوگا کہ وہ کب اور کس اسکول میں کلاس لینے پہنچیں گے، اساتذہ کی عزت کرتے ہیں اور خود استاد بن کر طلبہ کو پڑھانے پر فخر محسوس کریں گے۔

رانا سکندر حیات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر یہ اقدام کیا جا رہا ہے تاکہ سرکاری اسکولوں کے مسائل، زمینی حقائق اور تدریسی معیار کا براہِ راست جائزہ لیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور طلبہ سے براہِ راست رابطہ تعلیمی اصلاحات کو مؤثر بنانے میں مدد دے گا، جب کہ اس عمل سے تدریس میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ وہ اسکولوں کے مسائل صرف فائلوں یا کاغذی رپورٹوں کے ذریعے نہیں بلکہ موقع پر جا کر دیکھنے اور حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں، اس اقدام سے سرکاری اسکولوں کو معیاری تعلیمی ادارے بنانے کی مہم کو بھی تقویت ملے گی۔