محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی راجستھان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، جبکہ بحیرہ عرب سے آنے والی طاقتور مون سون ہوائیں سندھ کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد، سانگھ، شہید بینظیر آباد، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، خیرپور، دادو اور دیگر اضلاع میں 27 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ادارے کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، حیدرآباد اور دیگر نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور مکانات، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور دیگر انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی کے بارے میں محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ تین روز کے دوران شہر میں مطلع زیادہ تر ابر آلود اور موسم گرم و مرطوب رہے گا، جبکہ آج شہر کے مضافاتی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور دیگر علاقوں میں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ تین روز کے دوران مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے۔ آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ اتوار اور پیر کو درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، نشیبی علاقوں میں احتیاط برتنے اور بارش کے دوران متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔







