دفتر خارجہ کے مطابق کویتی وزیر خارجہ اپنے دورۂ پاکستان کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات اور وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، افرادی قوت، دفاعی تعاون اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس دورے کا مقصد پاکستان اور کویت کے درمیان موجود دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ، مشترکہ سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح آج سے پاکستان کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ کویت کے وزیر خارجہ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔ پاکستان۔کویت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیاجائےگا۔ علاقائی و بین… pic.twitter.com/ZUem3dqIly
— PTV News (@PTVNewsOfficial) July 28, 2026
سرکاری ذرائع کے مطابق کویت کے وزیر خارجہ کی پاکستان کی اعلیٰ سیاسی و حکومتی قیادت سے بھی ملاقاتوں کا امکان ہے، جن میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور زیر غور آئیں گے۔
سفارتی حلقوں کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور کویت کے تعلقات کے تناظر میں اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ دونوں ممالک ماضی سے قریبی دوستانہ روابط رکھتے ہیں اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سفارتی تعاون کو مزید فروغ ملے گا، جبکہ مستقبل میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات بھی سامنے آئیں گے۔







