وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کا فیصلہ ریاست نہیں بلکہ عوام کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں عوام نے آپ کے حق میں فیصلہ دیا تھا، جسے ہم نے قبول کیا۔ جی بی میں آپ جیت گئے تو الیکشن ٹھیک تھے، لیکن آزاد کشمیر میں آپ ہار گئے تو الیکشن غلط ہو گئے؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں ہی آزاد کشمیر کے حالات خراب ہوئے۔
مریم نواز نے کہا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں گزشتہ 17 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، لیکن بلاول بھٹو نہ سندھ حکومت کی کارکردگی بتا سکے اور نہ ہی کوئی روڈ میپ پیش کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو دکھانے کے لیے آپ کے پاس اپنی کارکردگی نہیں، جب کہ 17 سال حکومت کرنے کے باوجود آپ کے پاس بتانے کے لیے ایک منصوبہ بھی نہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے خصوصی گفتگو https://t.co/U5UZHLppxN
— PMLN (@pmln_org) July 28, 2026
انہوں نے کہا کہ آپ ایک مرتبہ بھی یہ نہیں کہہ سکے کہ آزاد کشمیر کو سندھ یا کراچی جیسا بنائیں گے۔ کارکردگی دکھانے کے لیے آپ کے پاس کچھ نہیں، اس لیے اب دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کشمیر کے لوگ صحت کی بہتر سہولیات چاہتے ہیں، اس لیے پیپلز پارٹی کو اپنی کارکردگی پر غور اور خود احتسابی کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ضرور ترقی کرے گا، لیکن اس کے لیے عوامی مسائل حل کرنا ہوں گے۔ جمہوریت کے فروغ کے لیے عوام کے فیصلے کو کھلے دل سے تسلیم کریں اور سندھ میں صفائی، امن و امان اور سڑکوں کا نظام بہتر بنائیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ اگر آپ تھوڑا غور کریں تو آپ کو خود معلوم ہو جائے گا کہ عوام نے آپ کو ووٹ کیوں نہیں دیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کے جلسے خالی تھے اور عوام نے ان میں شرکت نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جن کی اپنی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، وہ آزاد کشمیر کی سڑکیں کیسے بہتر بنائیں گے؟






