میرپور آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج جس جوش و جذبے کے ساتھ لوگ شدید گرمی میں جلسے میں شریک ہوئے ہیں، اس سے واضح ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں بارش کے باوجود عوام جلسے میں موجود رہے، جبکہ میرپور آ کر انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے وہ اپنے آباؤ اجداد کے گھر آئی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرپور میں خوبصورت گھر تو موجود ہیں، مگر سڑکوں کی حالت افسوسناک ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ میرپور میں بھی ترقی کے چراغ روشن ہوں۔ ان کے بقول نواز شریف نے سفر کے دوران متعدد بار کہا کہ کشمیر انتہائی خوبصورت خطہ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ کشمیر میں وسائل اور صلاحیت کی کوئی کمی نہیں، صرف بہتر انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق سیاحت کے فروغ سے آزاد کشمیر میں ترقی آئے گی اور کئی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو جدید اسپتالوں، بہتر سڑکوں، سیف سٹی منصوبے اور "اپنی چھت، اپنا گھر" جیسے منصوبوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر دیانتداری سے کام کیا جائے تو آزاد کشمیر پانچ سال میں پنجاب سے بھی آگے نکل سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کوئی جماعت ایسی نہیں جس نے کشمیر میں ترقیاتی کام کیے ہوں۔ ان کے مطابق پنجاب میں عوام کو جو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، الیکشن میں کامیابی کے بعد وہی سہولیات آزاد کشمیر میں بھی دی جائیں گی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ الیکشن سے قبل ہی میرپور کے لیے 10 الیکٹرک بسوں کا تحفہ لے کر آئی ہیں۔

مریم نواز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوچ سمجھ کر ووٹ دیں تاکہ بعد میں پچھتاوا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنایا تو آزاد کشمیر میں ایسی ترقی ہوگی جو لوگوں کے تصور سے بھی بڑھ کر ہوگی، اور ان کی جماعت خطے کی تقدیر بدل دے گی۔