وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور آل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں یومیہ بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین، ڈیلرز کے مارجن اور دیگر مطالبات پر تفصیلی بات چیت ہوئی، جس کے دوران حکومت نے ڈیلرز کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
مذاکرات کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ وہ تمام پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث سب مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی حکومت عوام کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں اور حکومت نے اربوں روپے خرچ کر کے عوام پر بوجھ کم کرنے کی کوشش کی ہے۔
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا ہڑتال موخر کرنے کا اعلان#ARYNews #Breaking #Petrolpump pic.twitter.com/VFZ6jJJqxP
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) July 22, 2026
علی پرویز ملک نے کہا کہ پیٹرولیم سبسڈی کے لیے ایک جامع نظام متعارف کرایا گیا تھا، تاہم خطے میں ایک بار پھر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں جس کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی معاہدوں اور حالات کے باوجود حکومت دستیاب گنجائش کے مطابق نظام چلا رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن سے متعلق معاملے پر اوگرا کے ساتھ تفصیلی اجلاس منعقد کیا جائے گا، جب کہ ڈیلرز کے مارجن سے متعلق سمری بھی وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی اور آئندہ دو ہفتوں کے اندر اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ایک مرتبہ پھر خطے میں جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں کر رہے ہیں اور دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی کاوشوں میں برکت عطا فرمائے۔
اس موقع پر پیٹرولیم پمپ آنرز ایسوسی ایشن کے صدر ندیم عزیز نے کہا کہ وزیر پیٹرولیم نے ان کے مطالبات سنے اور انہیں تحریری طور پر یقین دہانی کرائی ہے کہ مسائل حل کیے جائیں گے، جس کے بعد کل سے شروع ہونے والی ہڑتال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ تعین کے معاملے پر بھی حکومت کے ساتھ تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے عہدیدار راجہ وسیم نے کہا کہ پیٹرول پمپ مالکان شدید مشکلات کے باعث ہڑتال جیسے سخت اقدام پر مجبور ہوئے تھے، تاہم حکومت اور وزیر پیٹرولیم کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ان کے تحفظات سنے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت آئندہ دو ہفتوں کے اندر ان کے مسائل کا مستقل حل نکالے گی۔






