پہلے مرحلے میں ضلع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے مجموعی طور پر 13 انتخابی حلقوں میں مقابلہ ہورہا ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ آزاد امیدوار بھی بھرپور انداز میں انتخابی میدان میں موجود ہیں۔ مجموعی طور پر 296 امیدوار عوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے قسمت آزما رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ان 13 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 14 لاکھ ایک ہزار 439 ہے۔ ان میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد جبکہ 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں، جن کے لیے ہزاروں پولنگ عملہ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔
انتخابی عمل کو شفاف، منظم اور آسان بنانے کے لیے میرپور ڈویژن بھر میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں ایک ہزار 107 اور ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ جاری ہے۔ حساس اور انتہائی حساس قرار دیے گئے پولنگ اسٹیشنز پر اضافی انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرز بلاخوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔
انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس، سول آرمڈ فورسز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار پولنگ اسٹیشنز اور ان کے اطراف تعینات ہیں، جبکہ اہم مقامات کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے
چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے واضح کیا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، ووٹنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے، بدامنی پھیلانے یا انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی انتخابی ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مزید پڑھیں: کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، بھارتی مؤقف مسترد کرتے ہیں، خواجہ آصف
دوسری جانب چیف سیکرٹری آزاد جموں و کشمیر خوشحال خان نے کہا ہے کہ تمام انتظامی ادارے پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے مکمل طور پر متحرک ہیں، عوام نے جمہوری نظام پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ ریاستی ادارے اس امر کو یقینی بنا رہے ہیں کہ پولنگ کا عمل قانون کے مطابق اور بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل ہو۔
انتظامیہ نے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی کرتے ہوئے پرامن ماحول برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انتخابی نتائج کا اعلان ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد مرحلہ وار کیا جائے گا۔







