تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن، پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر محمد حمداللہ زید، نائب صدر الخدمت ائیر مارشل (ر) ارشد ملک، چیئرمین بورڈ آف گورنرز یونیورسٹی آف لاہور محمد اویس رؤف، پرنسپل میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر مہوش عروج، اساتذہ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ، نقل مکانی اور غیر معمولی حالات کے باوجود فلسطینی نوجوانوں کی یہ کامیابی عزم، استقامت اور امید کی روشن علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے فلسطینی طلبہ سے کیا گیا وعدہ پورا کیا ہے اور فلسطین کی مکمل بحالی تک ان کی تعلیمی و اخلاقی سرپرستی جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اور یونیورسٹی آف لاہور کے اشتراک سے 38 فلسطینی طلبہ کو بی ڈی ایس کی اسناد اور ڈینٹل کٹس فراہم کی گئیں، جب کہ ایک سالہ کلینیکل ہاؤس جاب مکمل کرنے والے 13 فلسطینی ڈاکٹروں کو انٹرن شپ اسناد سے بھی نوازا گیا۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے مطابق حکومتِ پاکستان اور قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے ان طلبہ کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ الخدمت فلسطین اسکالرشپ پروگرام کے تحت اس وقت پاکستان میں 450 سے زائد جب کہ مصر کے شہر قاہرہ میں 38 فلسطینی طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔
پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زوہیر محمد حمداللہ زید نے الخدمت فاؤنڈیشن اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے فلسطینی طلبہ کو اپنے بچوں کی طرح اپنایا۔
انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان ڈاکٹرز مستقبل میں غزہ کے زخمی اور بیمار عوام کی خدمت میں اہم کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر فلسطینی گریجویٹ احمد عطااللہ محمد جبر نے کہا کہ پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے، جہاں ملنے والی محبت، شفقت اور تحفظ نے مشکل حالات میں ان کا حوصلہ بلند رکھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے وطن واپس جا کر اپنے زخمی اور بیمار ہم وطنوں کی خدمت کریں گے اور پاکستان کی اس محبت کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔







