ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کے حکام نے بتایا کہ فضائی ٹریفک کنٹرول نظام میں شامل کی گئی نئی ٹیکنالوجی نے پرانے نظاموں پر اضافی بوجھ ڈال دیا، جس کے نتیجے میں مواصلاتی نظام اور ریڈار میں وقفے وقفے سے مسائل پیدا ہوئے۔
اس خرابی کے باعث امریکا میں گزشتہ 25 برس کے دوران پروازوں کی روانگی روکنے کا طویل ترین حکم جاری کیا گیا۔ اس دوران ملک کے بیشتر ہوائی اڈوں سے طیاروں کو اڑان بھرنے کی اجازت نہیں تھی۔
ایف اے اے نے اس اقدام کو غیر معمولی حالات اور حفاظتی وجوہات کی بنا پر عائد کیا گیا ملک گیر گراؤنڈ اسٹاپ قرار دیا۔ اس کے نتیجے میں فضائی سفر کا نظام متاثر ہوا اور متعدد پروازوں کو منسوخ کرنے یا ان کا رخ تبدیل کرنے کی ضرورت پیش آئی۔
فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق گراؤنڈ اسٹاپ کے دوران 6 ہزار 600 سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ 8 ہزار 600 سے زائد پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ اتوار کے لیے بھی تقریباً 1,500 پروازیں پہلے ہی منسوخ کی جا چکی تھیں۔
ہوا بازی کے تجزیہ کاروں کے مطابق اس ملک گیر بندش کے اثرات کئی روز تک ایئر لائنز کے شیڈول پر برقرار رہ سکتے ہیں۔ ایف اے اے نے پروازوں کی روانگی بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے، تاہم مسافروں کو مزید تاخیر اور منسوخی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ جنوری 2023 کے بعد پہلا موقع تھا جب امریکا میں ملک گیر گراؤنڈ اسٹاپ نافذ کیا گیا۔ اس سے پہلے 2023 میں ایف اے اے کے ایک اہم کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے باعث بھی پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔
سائبر حملے کا کوئی ثبوت نہیں ملا
امریکی وزیر برائے ہوم لینڈ سکیورٹی مارک وین ملن نے مواصلاتی نظام میں تعطل کو اس مسئلے کی وجہ قرار دیا۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب تک ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ یہ کسی سائبر حملے کا نتیجہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال اسے مواصلاتی نظام کی خرابی سمجھا جا رہا ہے اور تمام مسافر محفوظ ہیں۔
وین ملن کے مطابق تفتیش کار اس بات کا بھی جائزہ لیں گے کہ آیا اس خرابی کا تعلق ایف اے اے کے نئے مصنوعی ذہانت کے نظام سے ہے یا نہیں۔ یہ نظام مسائل کی نشاندہی اور طیاروں کے راستے تبدیل کرنے میں مدد دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
تاہم یہ نظام واشنگٹن ڈی سی کے قریب ایک ہی مقام سے کام کرتا ہے اور فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز کو صرف سفارشات بھیجتا ہے۔
امریکی حکومت پرانے فضائی ٹریفک کنٹرول نظام کو جدید بنانے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔ گزشتہ سال کانگریس نے اس منصوبے کے لیے ساڑھے 12 ارب ڈالر کی منظوری دی تھی۔ اس منصوبے کے تحت پرانی تانبے کی تاروں کو فائبر آپٹک لائنوں سے تبدیل کیا جا رہا ہے جبکہ ہوائی اڈوں پر ریڈیو نظام بھی جدید بنایا جا رہا ہے۔
امریکی وزیر ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے کہا کہ حکام اس خرابی کی تحقیقات کر رہے ہیں، جس سے ملک بھر میں طیاروں کی رہنمائی کرنے والے 22 علاقائی فضائی ٹریفک کنٹرول مراکز متاثر ہوئے۔
سینکڑوں طیاروں کا رخ تبدیل
ہوا بازی کے تجزیاتی ادارے سیریم کے مطابق امریکی مشرقی وقت کے مطابق شام سات بج کر پانچ منٹ تک 670 پروازوں کو واپس اسی ہوائی اڈے پر بھیج دیا گیا تھا جہاں سے انہوں نے اڑان بھری تھی، جبکہ 157 پروازوں کا رخ دوسرے ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دیا گیا۔
متاثرہ ہوائی اڈوں میں واشنگٹن ڈلس انٹرنیشنل، لاس اینجلس انٹرنیشنل، سنسناٹی/ناردرن کینٹکی انٹرنیشنل اور نیش ول انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل تھے۔
امریکی مشرقی وقت کے مطابق جمعے کی سہ پہر چار بجے کے بعد ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے تقریباً 11 ہزار پروازوں کی روانگی طے تھی، جن میں 15 لاکھ سے زیادہ مسافروں نے سفر کرنا تھا۔ اس صورت حال کے باعث مزید پروازوں کی منسوخی اور ان کا رخ تبدیل کیے جانے کا خدشہ پیدا ہوا۔
مسافروں کو پریشانی، کارگو پروازیں بھی متاثر
شکاگو کے اوہیئر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کو اس وقت پروازوں کی معطلی کا علم ہوا جب انہوں نے اسکرینوں پر تاخیر کے اعلانات دیکھے۔ کئی مسافر اپنی منزلوں تک پہنچنے کے متبادل راستے تلاش کرنے یا شکاگو میں مزید قیام کرنے پر غور کرنے لگے۔
سیئٹل سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ سافٹ ویئر انجینیئر ایمبر میک کوئلکن بھی اپنے دوستوں کے ساتھ نیویارک جانے کے سفر کے متاثر ہونے پر مایوس تھیں۔ ان کے دوست پہلے ہی وہاں پہنچ چکے تھے اور انہیں لیگ آف لیجنڈز کے عالمی فائنل میں شرکت کرنا تھی۔
ایک اور مسافر آسٹن کرٹس اور ان کی اہلیہ کو شکاگو سے ڈینور جانے والی پرواز سے اتار دیا گیا۔ وہ وہاں اپنے ایک دوست کے بے بی شاور میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ کرٹس کے مطابق انہوں نے طیاروں سے سامان اتارتے دیکھا، جس سے انہیں اندازہ ہوا کہ تاخیر طویل ہو سکتی ہے۔
پروازوں کی بندش سے کھیلوں کی ٹیمیں بھی متاثر ہوئیں۔ این بی اے، این ایچ ایل اور کالج کی ٹیموں کو اپنی منزلوں تک پہنچنے میں مشکلات پیش آئیں، جبکہ این ایف ایل کی ٹیمیں بھی اس بات پر غور کر رہی تھیں کہ آیا فضائی آپریشنز ویک اینڈ کے میچوں سے پہلے معمول پر آ سکیں گے یا نہیں۔
کارگو پروازیں بھی اس تعطل سے متاثر ہوئیں۔ دنیا کی بڑی کارگو ایئر لائنز میں شامل فیڈ ایکس نے کہا کہ وہ ممکنہ رکاوٹوں کے اثرات کم کرنے کے لیے ہنگامی منصوبے فعال کرنے کو تیار ہے۔
تجارتی گروپ ایئر لائنز فار امریکہ کے مطابق امریکی ایئر لائنز روزانہ 220 سے زیادہ ممالک کے لیے تقریباً 61 ہزار ٹن سامان منتقل کرتی ہیں، جس میں خطوط اور پارسلز بھی شامل ہیں۔







