پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی ہدایات پر ایڈووکیٹ محمد عامر حبیب کی جانب سے جاری کیے گئے قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے اور 2022 سے ملک بھر میں سیاسی اور فلاحی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔

نوٹس کے مطابق مریم نواز نے اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس اور الیکٹرانک میڈیا پر بیانات میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کو مبینہ طور پر ’’غیر قانونی پارٹی‘‘ اور ’’دہشت گرد پارٹی‘‘ قرار دیا، جو پارٹی اور اس کی قیادت کے خلاف جھوٹے، بے بنیاد اور ہتک آمیز الزامات ہیں۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ نے 2024 کے عام انتخابات میں اپنے انتخابی نشان ’’کرسی‘‘ پر حصہ لیا، جب کہ ملک بھر میں سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران امدادی سرگرمیوں کے علاوہ تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی کے شعبوں میں بھی خدمات انجام دے رہی ہے۔

نوٹس میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ 8 نومبر 2026 کو حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں دوسری بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی، اس لیے ایک رجسٹرڈ سیاسی جماعت کو ٹھوس قانونی بنیاد کے بغیر دہشت گرد قرار دینا سنگین معاملہ ہے۔

مرکزی مسلم لیگ نے مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پارٹی کے خلاف ایسے بیانات دینا، شائع کرنا اور پھیلانا بند کریں، متعلقہ سوشل میڈیا پوسٹس اور ویڈیوز حذف کریں اور الزامات باضابطہ طور پر واپس لیں۔

نوٹس میں پارٹی کی قیادت، عہدیداران، کارکنان اور حامیوں سے اسی پلیٹ فارم پر غیر مشروط تحریری اور عوامی معافی مانگنے، آئندہ ایسے الزامات نہ دہرانے کی یقین دہانی کرانے اور متعلقہ ریکارڈ محفوظ رکھنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: صدر آصف زرداری کی ماڈل ٹاؤن آمد، وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آزادی اظہار رائے کسی فرد یا قانونی طور پر رجسٹرڈ سیاسی جماعت کے خلاف جھوٹے اور بدنیتی پر مبنی الزامات لگانے کا غیر محدود حق نہیں دیتی۔

نوٹس کے مطابق اگر مریم نواز نے سات روز کے اندر مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا تو پاکستان مرکزی مسلم لیگ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے متعلقہ قوانین کے تحت دیوانی اور فوجداری کارروائی شروع کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔