پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تحت ہونے والے سولائزیشن ڈائیلاگ میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کو ملک کی نمائندگی کے لیے نامزد کر دیا ہے۔ یہ تقریباً تین برس بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا انڈیا کا پہلا دورہ ہوگا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مصدق ملک 20 سے 22 نومبر 2026 تک نئی دہلی میں ہونے والے ایس سی او سولائزیشن ڈائیلاگ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تقریب میں ایس سی او کے رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے، جہاں تہذیبی مکالمے، ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی تفہیم سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ایس سی او کے فریم ورک کے تحت تہذیبوں کے درمیان مکالمے اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے اور باہمی احترام کی بنیاد پر تعاون کو آگے بڑھانے کی حمایت جاری رکھے گا۔

یہ کانفرنس 20 سے 22 نومبر کے دوران انڈین دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد ہوگی، جس میں مختلف رکن ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور انڈیا کے تعلقات گذشتہ چند برسوں سے کشیدگی کا شکار ہیں۔ مئی 2023 میں اُس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گوا میں ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی تھی، اور اس کے بعد کسی پاکستانی وزیر کا یہ پہلا انڈیا کا دورہ ہو گا۔

علاوہ ازیں، مئی 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی فوجی کشیدگی کے بعد بھی یہ کسی پاکستانی وزیر کا پہلا انڈیا کا دورہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اگرچہ دوطرفہ تعلقات میں نمایاں پیش رفت نہیں ہوئی، تاہم دونوں ممالک ایس سی او کے پلیٹ فارم پر روابط برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

یہ اجلاس پاکستان کی جانب سے 2027 میں متوقع ایس سی او سربراہان مملکت کانفرنس کی میزبانی کی تیاریوں کے تناظر میں بھی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ رواں برس ستمبر میں انڈیا کے ایس سی او نیشنل کوآرڈینیٹر الوک دِمری اسلام آباد آئے تھے، جہاں آئندہ سربراہی اجلاس کی تیاریوں سے متعلق مشاورت کی گئی تھی۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میں پاکستان، انڈیا، چین، روس، ایران، بیلاروس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔