دستاویزات کے مطابق پنجاب حکومت کے جدید سرکاری جیٹ طیارے کو چلانے اور اس کی دیکھ بھال کے دوران تکنیکی مشکلات سامنے آئی تھیں۔
وی آئی پی فلائٹ ونگ کے پاس جدید طیارے کے پیچیدہ نظام کو سنبھالنے کے لیے مطلوبہ تکنیکی صلاحیت محدود تھی، جبکہ طیارے کو چلانے اور اس کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی مہارت اور تربیت یافتہ عملے کی ضرورت ہے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کا گلف اسٹریم طیارہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے ڈی رجسٹر کیا جا چکا ہے، جب کہ پاک فضائیہ نے اسے اپنا ٹیل نمبر بھی الاٹ کر دیا ہے۔
طیارے کے آپریشنز کے لیے پاک فضائیہ کے تین حاضر سروس پائلٹس کی خدمات ڈیپوٹیشن پر پنجاب حکومت کے حوالے کی گئی ہیں۔ یہ پائلٹس پنجاب حکومت کے پائلٹس کے ساتھ مل کر گلف اسٹریم جی 500 کی پروازیں انجام دے رہے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق پاک فضائیہ کے پاس گلف اسٹریم طیارے کی دیکھ بھال کے لیے تربیت یافتہ عملہ، تکنیکی مہارت اور ضروری سہولتیں موجود ہیں۔ اسی وجہ سے پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ نے طیارے کے آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال کی ذمہ داری پاک فضائیہ کو منتقل کرنے کے لیے مشاورت کی۔
دستاویزات میں طیارے کی محفوظ پرواز، ہر وقت پرواز کے لیے تیار رہنے اور چوبیس گھنٹے دستیابی یقینی بنانے کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔
پنجاب کابینہ نے طیارے کا آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپرد کرنے کے ساتھ سول ایوی ایشن سے ڈی رجسٹریشن اور پاک فضائیہ کی جانب سے ٹیل نمبر الاٹ کرنے سے متعلق تجاویز کی بھی منظوری دے دی ہے۔
پنجاب حکومت اور پاک فضائیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے مسودے کی منظوری بھی دی گئی ہے، جس میں طیارے کی دیکھ بھال، تکنیکی امور اور مالی انتظامات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر، ایس اینڈ جی اے ڈی کو حکومت کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کا اختیار بھی دے دیا ہے۔







