ڈیوڈ وارنر جنہیں کیپ ٹاؤن میں پیش آنے والے سینڈ پیپر گیٹ واقعے میں کردار پر ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا، نے اس معاملے کی تحقیقات کو ناقص اور غیر معیاری قرار دیا۔
وارنر نے ہفتے کے روز انسٹاگرام پر کہا کہ ان کے علم کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے 2018 کی تحقیقات کے دوران جوش ہیزل ووڈ، مچل اسٹارک یا نیتھن لائن سے پوچھ گچھ نہیں کی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر یہ بات درست ہے تو کرکٹ آسٹریلیا یہ مؤقف کیسے اختیار کرسکتا ہے کہ بولرز کو گیند ٹیمپرنگ کے منصوبے کا علم نہیں تھا؟
وارنر کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے ابتدا ہی میں طے کرلیا تھا کہ کس کو موردِ الزام ٹھہرانا ہے، اسی مقصد کے تحت ناقص تحقیقات کیں اور اب بھی اس مؤقف کو برقرار رکھنا چاہتا ہے کہ بولرز کو کچھ معلوم نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام معاملہ حقائق چھپانے کی کوشش معلوم ہوتا ہے۔
کیپ ٹاؤن میں تیسرے ٹیسٹ کے دوران پیش آنے والے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے زخم اس ہفتے ایک بار پھر تازہ ہوگئے، جب عثمان خواجہ نے اپنی خودنوشت شائع کی۔
کتاب میں عثمان خواجہ نے دعویٰ کیا کہ گیند کو سینڈ پیپر سے رگڑ کر اس کی سوئنگ بڑھانے کے منصوبے سے پوری ٹیم آگاہ تھی۔
کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ اس منصوبے کا علم صرف اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو تھا۔ واقعے کے بعد تینوں کو جنوبی افریقہ سے بدنامی کے ساتھ وطن واپس بھیج دیا گیا تھا۔
مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ، نیتھن لائن اور پیٹ کمنز نے 2021 میں ایک مشترکہ بیان کے ذریعے عوامی سطح پر اس منصوبے سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔
جمعے کے روز موجودہ ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز نے ایک طویل پریس کانفرنس میں عثمان خواجہ کے تازہ دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں سو فیصد غلط قرار دیا۔
اس کے جواب میں وارنر نے الزام عائد کیا کہ کمنز نے اپنے قریبی دوست عثمان خواجہ کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔
مچل اسٹارک نے بھی رواں ہفتے کہا تھا کہ انہیں میدان میں کسی چیز کے استعمال کا علم نہیں تھا، تاہم جوش ہیزل ووڈ اور نیتھن لائن نے اب تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی تحقیقات دوبارہ کھولنے کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔ ادارے نے ہفتے کے روز جاری بیان میں کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو اس معاملے پر اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے وقت تمام کھلاڑیوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا تھا اور گزشتہ آٹھ برس کے دوران بھی وہ نئے شواہد سامنے لانے کے لیے آگے آسکتے تھے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اس کے بعد سے کرکٹ آسٹریلیا نے ہر موجودہ اور سابق کھلاڑی کے واقعات کے بارے میں اپنا مؤقف بیان کرنے کے حق کا احترام کیا ہے۔







