پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حمزہ نذر پر تمام ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کرکٹ سرگرمیوں میں شرکت پر دو سال کے لیے پابندی لگائی گئی ہے۔

بورڈ کے مطابق یہ تادیبی کارروائی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کی گئی، جس میں ویزا درخواست کے دوران فراہم کی گئی معلومات کا جائزہ لیا گیا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں سامنے آیا کہ حمزہ نذر نے مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں، گمراہ کن معلومات دیں اور درخواست سے متعلق اہم حقائق بھی چھپائے۔

بیان کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جبکہ حمزہ نذر کو بھی اپنا مؤقف پیش کرنے کا مکمل موقع فراہم کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ وہ غلط بیانی، حقائق چھپانے اور گمراہ کن معلومات فراہم کرنے جیسے معاملات کو انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے اور کسی بھی فرد کو بورڈ، پاکستان کرکٹ اور شائقین کے اعتماد کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔