عمان کے شہر العامرات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے آٹھویں میچ میں بھارت کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.3 اوورز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جس کے جواب میں پاکستان نے 209 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بھارت کی بیٹنگ
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے بھارتی بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا۔ بھارتی بیٹرز پاکستانی بولنگ کے سامنے بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔
بھارت کی جانب سے ارجن راجپوت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی اور اپنی ٹیم کو قابلِ ذکر مجموعے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ارجن راجپوت نے 85 گیندوں پر 107 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ آریاویر سہواگ نے 22، کاویا پریش پٹیل نے 23، منال چوہان نے 11 اور انوے ڈریوڈ نے 10 رنز بنائے۔
پاکستانی بولرز کی عمدہ کارکردگی کے باعث بھارتی ٹیم مقررہ 50 اوورز بھی مکمل نہ کھیل سکی اور 46.3 اوورز میں 208 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اس طرح پاکستان کو جیت کے لیے 209 رنز کا ہدف ملا۔
پاکستان کی جانب سے علی رضا نے 10 اوورز میں 37 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، رضوان اللہ نے 7 اوورز میں 24 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ نقاب شفیق نے 10 اوورز میں 42 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سمیع نے 8.3 اوورز میں 27 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی بیٹنگ
بھارت کی جانب سے دیے گئے 209 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز محتاط رہا، تاہم ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔
اوپنر عثمان خان 16 اور جہانگیر بلال 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد عبدالقادر 20، احمد حسین 8 اور کپتان فرحان یوسف صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ایک موقع پر پاکستان کی 5 وکٹیں صرف 61 رنز پر گر چکی تھیں، جس کے بعد حسنین عباس ڈار اور حمزہ ظہور نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔
حسنین عباس ڈار نے 38 رنز بنائے، جبکہ وکٹ کیپر بلے باز حمزہ ظہور نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 108 گیندوں پر ناقابلِ شکست 100 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
حمزہ ظہور کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے 209 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے 3 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کرلی۔
میچ کا ٹاس اور دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیون
انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ اے کے اس اہم مقابلے میں بھارت کے کپتان لکشیا رائے چندانی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ دفاعی چیمپئن پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ میچ سیمی فائنل کی دوڑ کے حوالے سے اہمیت کا حامل تھا۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم کی پلیئنگ الیون میں عثمان خان (کپتان)، جہانگیر بلال، عبدالقادر، احمد حسین، فرحان یوسف، حسنین عباس ڈار، حمزہ ظہور، محمد صیام، نقاب شفیق، رضوان اللہ اور علی رضا شامل تھے۔
بھارتی انڈر 19 ٹیم کی پلیئنگ الیون میں لکشیا رائے چندانی (کپتان)، آریاویر سہواگ، وی کے وینیتھ، یش بردھن چوہان، ارجن راجپوت، انوے ڈریوڈ، منال چوہان، یش ویر گوڑ، کاویا پریش پٹیل، موہت اولوا اور ایشان سود شامل تھے۔
یاد رہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ اے میں پاکستان اور بھارت دونوں اپنے ابتدائی میچز جیت چکے تھے۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں متحدہ عرب امارات جبکہ بھارت نے نیپال کو شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھی پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دی تھی۔








