وائٹ ہاؤس کے بیان کے مطابق نیتالی بیکر کی نامزدگی منظوری کے لیے امریکی سینیٹ کو بھجوا دی گئی ہے، جہاں پہلے خارجہ تعلقات کی کمیٹی اس کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد نامزدگی مکمل سینیٹ میں ووٹنگ کے لیے پیش کی جائے گی۔
نیتالی بیکر امریکی سینیٹ سے منظوری ملنے کے بعد باضابطہ طور پر پاکستان میں امریکی سفیر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
وہ جنوری 2025 سے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی ناظم الامور کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے سابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی روانگی کے بعد یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔ بیکر اگست 2024 میں پاکستان میں ڈپٹی چیف آف مشن کے عہدے پر تعیناتی کے لیے پہنچی تھیں۔
پاکستان آنے سے قبل نیتالی بیکر اگست 2021 سے جولائی 2024 تک قطر میں امریکی سفارت خانے کی ڈپٹی چیف آف مشن رہ چکی ہیں۔
ان کے سفارتی کیریئر میں لیبیا میں امریکی مشن کی ڈپٹی چیف آف مشن اور ناظم الامور، دبئی میں امریکی قونصل خانے کے ایران ریجنل پریزنس آفس کی ڈپٹی ڈائریکٹر اور کویت میں امریکی سفارت خانے میں اقتصادی مشیر کے عہدے بھی شامل ہیں۔
نیتالی بیکر امریکی محکمہ خارجہ کے بیورو آف نیئر ایسٹرن افیئرز میں شمالی افریقی امور کے دفتر کی ڈائریکٹر بھی رہ چکی ہیں۔ انہوں نے 2009 سے 2011 تک لیبیا میں سیاسی و اقتصادی مشیر کی حیثیت سے کام کیا، اس دوران دونوں ممالک کے تعلقات تقریباً 30 سالہ تعطل کے بعد معمول پر آ رہے تھے۔
فروری 2011 میں لیبیا کے انقلاب کے باعث امریکی سفارت خانے کے انخلا تک وہ وہاں تعینات رہیں۔







