پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں پی ایس ایل انتظامیہ، فرنچائز مالکان اور بورڈ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جہاں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کے انعقاد، لیگ کی مجموعی کارکردگی اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں گزشتہ سیزن کے دوران کھیلے گئے 44 میچز کے معیار، انتظامی معاملات، کھلاڑیوں کی کارکردگی، براڈکاسٹ، شائقین کی دلچسپی اور لیگ کے مجموعی انتظامی ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے مشکل حالات کے باوجود لیگ کے کامیاب انعقاد پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، پی ایس ایل انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ سیزن کی ونڈو کو حتمی شکل دینے، پلیئنگ کنڈیشنز میں ممکنہ ترامیم، ڈائریکٹ سائننگ کے طریقہ کار، پلیئر ڈرافٹ اور کھلاڑیوں کی ریٹینشن پالیسی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان تمام معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے جلد خصوصی ورکشاپس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جن میں فرنچائزز کی تجاویز بھی شامل کی جائیں گی۔

اجلاس کے دوران پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن میں متعارف کرائی گئی نئی اصلاحات اور ان کے نتائج کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ لیگ کو اس بار ٹیلی ویژن، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا پر غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی، جبکہ ویورشپ کے کئی نئے ریکارڈ بھی قائم ہوئے، جس سے لیگ کی عالمی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔

شرکا نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ آف سیزن اور پری سیزن کے دوران شائقین کرکٹ کو لیگ سے جوڑے رکھنے کے لیے خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے مختلف شہروں میں فین انگیجمنٹ ایونٹس، ڈیجیٹل مہمات اور دیگر پروگرامز ترتیب دینے کی تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں ایک اور اہم فیصلہ یہ کیا گیا کہ پی ایس ایل اور تمام آٹھ فرنچائزز کے باہمی اشتراک سے لیگ کا آفیشل مرچنڈائز پلیٹ فارم متعارف کرایا جائے گا، جہاں شائقین اپنی پسندیدہ ٹیموں کی اصل جرسیوں، یادگاری اشیا اور دیگر سرکاری مصنوعات خرید سکیں گے۔

اس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا اگلا اہم اجلاس اگست کے آخری ہفتے میں منعقد ہوگا، جس میں آئندہ سیزن کے شیڈول، پلیئر ڈرافٹ، ریگولیشنز اور دیگر اہم پالیسی فیصلوں کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس کی تاریخ، مقام اور وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اجلاس میں پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر، پی سی بی کے چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ، ڈائریکٹر پی ایس ایل عثمان واہلہ سمیت بورڈ کے دیگر سینئر حکام اور تمام فرنچائزز کے نمائندوں نے شرکت کی اور لیگ کو مزید مضبوط اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔