پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 75 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 23.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدا میں دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ امام الحق 9 اور اذان اویس 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم عبداللہ شفیق 24 اور کپتان بابر اعظم 24 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے اور ٹیم کو فتح دلا دی۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 344 رنز بنائے تھے۔ جسٹن گریوز 73 اور روسٹن چیز 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ برینڈن کنگ نے 46 اور شائی ہوپ نے 29 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 4 جبکہ محمد علی، عبید شاہ اور علی عثمان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان نے عبداللہ شفیق کی ناقابلِ شکست 160 رنز، بابر اعظم کے 88 اور اذان اویس کے 55 رنز کی بدولت 387 رنز بنائے اور پہلی اننگز میں 43 رنز کی برتری حاصل کی۔ ساجد خان نے 30 اور محمد رضوان نے 18 رنز بنائے، جبکہ ویسٹ انڈیز کے جومیل واریکن نے 6 اور شمر جوزف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 117 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ کیوم ہوج 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ روسٹن چیز اور ٹیگنارائن چندرپال نے 17، 17 اور شائی ہوپ نے 15 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے علی عثمان اور ساجد خان نے 4، 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

عبداللہ شفیق کو پہلی اننگز میں 160 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔