ایچ بی ایل پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اجلاس چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت لاہور میں واقع نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تمام 8 فرنچائزز کے نمائندگان کے علاوہ پی سی بی اور پی ایس ایل کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے آغاز میں چیئرمین پی سی بی اور تمام شرکا نے سیالکوٹ اور حیدرآباد کی نئی ٹیموں کے مالکان کو ایچ بی ایل پی ایس ایل فیملی میں خوش آمدید کہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی اور ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹیم کو نئی ٹیموں کی کامیاب نیلامی کے انعقاد پر بھی مبارکباد دی گئی، جسے لیگ کی ترقی اور ارتقا کی واضح علامت قرار دیا گیا۔
اجلاس کے دوران مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا، جن میں ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا شیڈول، کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا طریقہ، پلیئر آکشن یا آکشن اور ڈرافٹ کے امتزاج پر مشتمل منفرد نظام ’ڈراکشن‘ کو اپنانے، اور براہ راست سائننگز کھولنے کے آپشن شامل تھے۔
اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا آغاز جمعرات، 26 مارچ سے ہوگا، جس کے ساتھ شائقین، کھلاڑی اور تمام اسٹیک ہولڈرز لیگ کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہوں گے۔
اجلاس کے اختتام پر ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو ہفتے کے روز ایجنڈا آئٹمز پر مزید غور کرے گا، جس کے بعد ضرورت پڑنے پر گورننگ کونسل کا اجلاس دوبارہ طلب کیا جائے گا۔







