پہلے سیمی فائنل میں بنگلادیش نے ازبکستان کو یکطرفہ مقابلے میں تین صفر سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

بنگلادیش نے پہلا سیٹ 21 کے مقابلے میں 25، دوسرا سیٹ 20 کے مقابلے میں 25 اور تیسرا سیٹ 19 کے مقابلے میں 25 سے جیت کر ازبکستان کو ایونٹ سے باہر کر دیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں میزبان پاکستان نے سری لنکا کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے مسلسل تیسری بار تین صفر سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں شاندار انداز میں رسائی حاصل کر لی۔

پاکستان نے پہلے سیٹ میں سری لنکا کو 18 کے مقابلے میں 25 سے شکست دی۔ دوسرے سیٹ میں پاکستانی سمیشرز کی جارحانہ کارکردگی کے سامنے سری لنکن ٹیم بے بس دکھائی دی، اور پاکستان نے یہ سیٹ 10 کے مقابلے میں 25 سے جیت لیا۔ تیسرے سیٹ میں بھی قومی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے 21 کے مقابلے میں 25 سے کامیابی سمیٹی اور میچ تین صفر سے اپنے نام کر لیا۔

پاکستان کی مسلسل فتوحات کے بعد قومی ٹیم کاوا والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے، جہاں کل پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹائٹل کے لیے فیصلہ کن مقابلہ کھیلا جائے گا۔