کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، خاتون باکسر فاطمہ زہرہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا پہلا میڈل یقینی بنا دیا۔

فاطمہ زہرہ نے 60 کلوگرام کیٹیگری کے کوارٹر فائنل مقابلے میں نیوزی لینڈ کی باکسر جارڈن ولسن کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

سیمی فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی فاطمہ زہرہ کا میڈل یقینی ہوگیا ہے، کیونکہ کامن ویلتھ گیمز کے باکسنگ مقابلوں میں سیمی فائنل تک پہنچنے والے دونوں کھلاڑیوں کو میڈل دیا جاتا ہے۔

فاطمہ زہرہ کی یہ کامیابی پاکستان کی خواتین باکسنگ کے لیے تاریخی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ وہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے میڈل حاصل کرنے والی پہلی خاتون باکسر بن جائیں گی۔

قومی حلقوں میں فاطمہ زہرہ کی کامیابی کو سراہا جا رہا ہے، جبکہ ان کی نظریں اب سیمی فائنل میں کامیابی حاصل کرکے گولڈ یا سلور میڈل کی جانب بڑھنے پر مرکوز ہیں۔