تفصیلات کے مطابق 10 ٹیموں پر مشتمل کوالیفائر ٹورنامنٹ 22 فروری سے 23 مارچ 2027 تک کھیلا جائے گا، تاہم اس کے میزبان ملک کا فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا۔
آئی سی سی کے نئے فارمیٹ کے تحت کوالیفائر جیتنے والی ٹیم براہِ راست 14 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ کے مرکزی مرحلے میں جگہ بنائے گی، جب کہ دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہنے والی ٹیمیں سپر سیریز میں حصہ لیں گی، جہاں صرف ایک ٹیم مرکزی مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔
ون ڈے ورلڈ کپ 4 اکتوبر سے 11 نومبر 2027 تک جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کے 12 مختلف مقامات پر کھیلا جائے گا۔
کوالیفائر ٹورنامنٹ میں دو کم ترین رینکنگ والی مکمل رکن ٹیموں کے علاوہ کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو کی چار بہترین ٹیمیں اور ورلڈ کپ کوالیفائر پلے آف سے کوالیفائی کرنے والی چار ٹیمیں شرکت کریں گی۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کی براہِ راست ورلڈ کپ تک رسائی بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
ویسٹ انڈیز اس وقت آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں دسویں نمبر پر موجود ہے، تاہم ستمبر میں بھارت کے خلاف دو ون ڈے میچوں کے نتائج اس کی براہِ راست کوالیفکیشن کے امکانات پر اہم اثر ڈال سکتے ہیں۔






